پولیس ساس کے قاتل داماد کو5 روز بعد بھی نہ پکڑ سکی

فریدہ سلیم کو داماد فرخ بیگ اورساتھیوں نے گھر میں گھس کر گولیاں ماریں.


Staff Reporter July 21, 2013
ثمن کا شوہر ملزم فرخ /مقتولہ فریدہ کی بیٹی ثمن /مقتولہ فریدہ ۔ فوٹو : ایکسپریس

سرجانی انویسٹی گیشن پولیس 5 روز قبل ساس کو قتل کرنے والے داماد کو تاحال گرفتار نہ کر سکی۔

تفصیلات کے مطابق 16جولائی کو سرجانی ٹائون سیکٹر 7-Dمیں واقع مکان نمبر L/370کی رہائشی 40 سالہ فریدہ زوجہ سلیم کو اس کے داماد فرخ بیگ نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیاتھا، قتل کے واقعے کو 5 روز گرز جانے کے باوجود سر جانی ٹائون انویسٹی گیشن پولیس ملزم فرخ بیگ کو گرفتار نہ کر سکی ، رابطہ کرنے پر مقتول کی بیٹی ثمن جو کہ ملزم فرخ کی بیوی ہے نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ اس کی ایک سال قبل ملزم فرخ بیگ سے شادی ہوئی تھی اور شادی کے چند ماہ بعد ہی فرخ نے مارپیٹ کرنا شروع کردی تھی۔



جبکہ فرخ نے اس کی والدہ اور بھائیوں سے ملنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی تھی انھوں نے بتایا کہ ملزم فرخ کوئی کام نہیں کرتا تھا اور جب وہ اپنے شوہر کو کوئی کام کرنے کا کہتی تو فرخ مارپیٹ کرتا تھا اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے جھگڑوں سے تنگ آکر3 ماہ قبل وہ اپنے والد کے گھر چلی گئی تھی اور فرخ سے خلع کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی جس کی 2سماعتیں بھی ہو گئیں تھی اور امید تھی کہ تیسری سماعت پرخلع ہو جاتی تاہم تیسری سماعت سے قبل گزشتہ منگل کو فرخ اپنے دیگر 2ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس آیا اور والدہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرارہوگیا ۔

مقتولہ کے اہلخانہ نے صدر مملکت، چیف جسٹس ، گورنر سندھ اور اعلیٰ پولیس افسران سے مطالبہ کیا کہ والدہ کے قتل کا از خود نوٹس لیا جائے اور ان کی والدہ کے قتل میں ملوث ملزم کو فوری طورپر گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ ان کی زندگی میں انھیں کچھ سکون میسرآسکے۔