ورلڈ کپ ٹرافی کی کیپ ٹاؤن میں رونمائی

شعیب اور ڈوپلیسی نے اپنے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کا عزم ظاہر کردیا۔


Sports Reporter January 30, 2019
شعیب اور ڈوپلیسی نے اپنے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کا عزم ظاہر کردیا۔ فوٹو: فائل

کیپ ٹاؤن میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 ٹرافی کی رونمائی ہوئی جہاں شعیب ملک اور فاف ڈوپلیسی نے اپنے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کا عزم ظاہر کردیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ون ڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں پچز کا زیادہ فرق نہیں رہا، تقریبا ایک جیسی ہی ہوتی ہیں۔

کپتان نے کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں تھوڑا باؤنس زیادہ ہوتا ہے، ورلڈ کپ سے قبل کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پی سی بی کھلاڑیوں کو 20 سے 25 روز قبل بھجوانے کا پلان بنا رہا ہے، ہمارے بیشتر کرکٹرز دنیا کے مختلف حصوں میں کھیل چکے ہیں، امید ہے انگلینڈ میں اچھا پرفارم کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ تمام ٹیموں کیلیے ایک بڑا موقع ہے، پاکستان نے انگلینڈ میں چیمپئنزٹرافی اپنے نام کی تھی، اس کے بعد ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں بھی نہیں ہوئیں، کھلاڑی بھرپور پراعتماد کیساتھ میدان میں اتریں گے، کوئی بھی ٹائٹل جیتنے کیلیے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل ضروری ہے، میرا آخری ورلڈکپ ہے اس کویادگاربنانے کی کوشش کروں گا۔

دوسری جانب فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ میری نظر میں انگلینڈ اور بھارت فیورٹ ہیں، جنوبی افریقی ٹیم نوجوان لیکن پرعزم کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، پاکستان کیخلاف سیریز میں بھی نئے ٹیلنٹ کو مواقع دیئے، امید ہے کہ میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب ہوں گے۔