تجارتی تناؤ پر امریکی صدر کا چینی ہم منصب سے ملاقات کا فیصلہ

صدر ٹرمپ معاشی تناؤ میں کمی اور تجارتی معاہدوں کی پاسداری پر تبادلہ خیال کریں گے


ویب ڈیسک February 01, 2019
واشنگٹن میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد صدر ٹرمپ نے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ فوٹو : فائل

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی تناؤ کے خاتمے اور معاشی معاہدوں پر عمل درآمد لیے اپنے چینی ہم منصب سے جلد ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس امریکا اور چین کے درمیان شروع ہونے والی معاشی جنگ رواں برس اپنے منطقی انجام تک پہنچتی نظر آرہی ہے۔ تازہ پیشرفت میں صدر ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب سے جلد ملاقات کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے ملاقات کا فیصلہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے کامیاب اجلاس کے بعد کیا۔ صدر ٹرمپ چین کے صدر سے ملاقات کے دوران معاشی تناؤ کے خاتمے اور تجارتی معاہدوں کی پاسداری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا اور چین کے درمیان نیا تنازع شدت پکڑ گیا

قبل ازیں واشنگٹن میں ہونے والے چین اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کو فریقین نے راست، موثر اور نفع بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی دو بڑی معاشی قوتوں کو تنازعات کے جلد از جلد حل کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہوگا جو خطے میں امن اور استحکام کی ضمانت ہو۔

واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان جاری معاشی جنگ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر ٹیکس کی شرح میں بے پناہ اضافہ کردیا تھا جب کہ حال ہی میں امریکی درخواست پر موبائل کمپنی ہواوے کے سربراہ کی گرفتاری نے تنازع میں اضافہ کردیا ہے۔

مقبول خبریں