ایشیا کپ ’’کرو یا مرو‘‘ کی حکمت عملی اپنائیں گے کوچ

ورلڈ ہاکی سیریز میں جو خامیاں نظر آئیں انھیں تربیتی کیمپ میں دور کر لیا جائے گا، اختر رسول


Sports Reporter July 23, 2013
ورلڈ ہاکی سیریز میں جو خامیاں نظر آئیں انھیں تربیتی کیمپ میں دور کر لیا جائے گا، اختر رسول فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کپتان محمد عمران ایشیا کپ میں فتح کیلیے پُرعزم ہیں، اسی صورت ورلڈ کپ میں شرکت کی ٹکٹ مل سکے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اختر رسول نے کہا کہ ایشیا کپ میں ''کرو یا مرو'' کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہو کر شرکت کریں گے، ورلڈ ہاکی سیریز میں جو خامیاں نظر آئیں انھیں کیمپ میں دور کر لیا جائے گا۔ ایک سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ گزشتہ ایونٹ میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے کا افسوس ضرور ہے لیکن ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ محمد وسیم اور راشد فٹ ہیں، متوازن ٹیم ملائیشیا لے کر جائیں گے جس سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔



انھوں نے کہا کہ سابق کھلاڑی شہناز شیخ کا خود کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم مجھے دی جائے تو نتائج آنے میں 4 برس لگیں گے، مجھے تو اسکواڈ سنبھالے ایک سال کا عرصہ ہی ہوا ہے۔ حنیف خان کو کوچ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے اختر رسول نے کہا کہ تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں اوریہ کوئی بڑی بات بھی نہیں۔ اس موقع پر کپتان محمد عمران نے کہا کہ ہر کھلاڑی ایشیا کپ جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا چاہتا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ٹرافی کے ساتھ ہی وطن واپس لوٹے گی۔