فیڈرل بی ایریا میں36گھنٹے سے بجلی غائب مکینوں کو مشکلات

شکایات درج کرنےکےباوجود بجلی بحال نہیں ہوئی،مکین،کورنگی میں10گھنٹےکی یومیہ لوڈشیڈنگ،شہر کے دیگر علاقے بھی شدید متاثر.


Staff Reporter July 24, 2013
شکایات درج کرنےکےباوجود بجلی بحال نہیں ہوئی، مکین، کورنگی میں10گھنٹےکی یومیہ لوڈشیڈنگ،شہر کے دیگر علاقے بھی شدید متاثر.فوٹو: فائل

شہر میں کے ای ایس سی کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، سحری اور افطار کے اوقات میں بھی کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

جس کی وجہ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا ہے، فیڈرل بی ایریا بلاک 16کے مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں پیر کی دوپہر ایک بجے بجلی گئی تھی اور منگل کی شام تک بجلی بحال نہیں ہوئی تھی،صارفین نے کے ای ایس سی کو متعدد بار شکایت کی لیکن اس کے باوجود عملے نے ابن انشا پی ایم ٹی کی مرمت نہیں کی جس کی وجہ سے بجلی بحال نہیں ہوسکی،کورنگی32 Aکے مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں آٹھ سے دس گھنٹے کی یومیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اورسحری اورافطار کے اوقات کا بھی خیال نہیں رکھا جارہا ہے۔



مکینوں نے بتایا کہ منگل کی صبح تین بجے سے بجلی غائب ہوئی جو سہہ پہر تین بجے تک نہیں آئی تھی علاقے میں ہر ایک گھنٹے کے بعد دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، فیڈرل بی ایریا، قائدآباد، شاہ فیصل کالونی، گلزار ہجری، ڈالمیا ، سائٹ، ماری پور، محمودآباد و دیگر علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ تراویح کے اوقات میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، شہر کے مختلف علاقے مغرب کے بعد اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں اور نمازیوں کو عشا کی نماز اور تراویح کیلئے مساجد جانے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔