افرادی قوت کی ایکسپورٹ سعودیہ سے پاکستانیوں کی واپسی روکنے کی حکمت عملی تیار
بیرون ممالک پاکستانیوں کے بائیومیٹرک بنیادوں پر کوائف مرتب کرکے ڈیٹا ایکسچینج کے معاہدے کیے جائینگے
ISLAMABAD:
وفاقی حکومت نے جاپان، مصر، ملائشیا ، انڈونیشیا ،جرمنی ،قطر اور یو اے ای سمیت دیگر ممالک کو افرادی قوت ایکسپورٹ کرنے اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی روکنے کے لیے نئی جامع حکمت عملی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور بیرون ممالک پاکستانیوں کے بایومیٹرک بنیادوں پر کوائف مرتب کرکے ڈیٹا ایکسچینج کے معاہدے کیے جائیں گے جبکہ آئندہ ہفتے یو اے ای کے ساتھ افرادی قوت کی فراہمی کے ایم او یو پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ملک میں قائم خصوصی اکنامک زونز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹائم فریم کے اہداف پرمبنی پالیسی متعارف کروائی جائے گی جس کیلیے تیار کردہ مسودے منظوری کے لیے آج (پیر) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ای سی سی کا اجلاس آج صبح ساڑھے بجے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوگا ۔
جس میں بیرون ممالک پاکستانیوں کے روزگار کے مواقع بڑھانے اور ان کے اعزازیہ میں اضافے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ان اسپیشل اکنامک زونز میں درپیش مسائل کے حل کی پالیسی کے مسودے کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔