سندھ سے بند اورگھوسٹ اسکولوں کا داغ ختم کردینگے نثار کھوڑو

عوامی نمائندوں کی کمیٹیوں کی تشکیل اور چینی زبان کی کلاسیں جلد شروع ہوں گی۔


Staff Reporter July 24, 2013
شکایتی سیل پر شہری اسکولوں کی شکایات درج کرائیں گے، وزیر تعلیم کی پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

سینئر صوبائی وزیرتعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ سے بند اورگھوسٹ اسکولوں کا داغ ختم کرنا چاہتا ہے۔

صوبے میں سرکاری اسکولوں کے حوالے سے عوامی شکایت سننے کے لیے محکمہ تعلیم شکایتی سیل قائم کررہا ہے جو اگست میں فعال ہوجائے گا شہری شکایتی سیل میں شکایات درج کروا سکیں گے،محکمہ تعلیم ویب سائٹ کا اجرا کررہا ہے جس پر تمام اساتذہ کا مکمل ریکارڈ موجود ہوگا، منگل کو پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم نے کہا کہ ایجوکیشن ڈسٹرکٹ آفیسرز (ای ڈی اوز) اپنے علاقوں میں بند اور بااثر شخصیات کے زیر قبضہ اسکولوں کی رپورٹ دیں، صوبے میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور اسکولوں میں سہولتوں کی فراہمی کیلیے اقدامات کر رہے ہیں۔



اس سلسلے میں بینظیر آباد (نواب شاہ) کو تعلیمی ماڈل ضلع بنایا جائے گا جہاں اسکولوں کے انرولمنٹ میں اضافہ،نئے داخلوں اور بچوں کو بہتر ماحول فراہم کریں گے، صوبے میں جلد چینی زبان کی تعلیم کے لیے بھی کلاسز شروع کی جائیں گی، تعلیمی معیار بلند کرنے کے لیے عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،2 ہزار افسران ری ڈیزیگنیٹ کیے جائیںگے جو بند اسکولوں کی نشاندہی کریں گے، حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں بلدیاتی نظام رائج ہو، موجودہ بلدیاتی نظام میں بھی ترامیم کی گنجائش موجود ہے،صدارتی انتخابات میں رضا ربانی پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار ہوں گے۔