کرکٹ ٹی وی رائٹس بڑا اسکینڈل سامنے آنے کا خدشہ

سابق بورڈ چیف عارف عباسی نے احسان مانی کو معاملے سے الگ ہونے کا مشورہ دیدیا


Sports Reporter July 24, 2013
سابق بورڈ چیف عارف عباسی نے احسان مانی کو معاملے سے الگ ہونے کا مشورہ دیدیا۔ فوٹو: فائل

عارف عباسی نے پاکستان کرکٹ کے ٹی وی رائٹس کی فروخت میں بڑا اسکینڈل سامنے آنے کے خدشات ظاہر کردیے۔

پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹیو نے اپنے دوست احسان مانی کو معاملے سے الگ ہونے کا مشورہ دیدیا۔ ایک انٹرویو میں عارف عباسی نے کہا کہ نئے ٹیلی ویژن رائٹس کے معاملے میں کوئی ایسا قدم بھی اٹھایا جاسکتا ہے جو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے منافی ہو، پی سی بی کے مشیر احسان مانی میرے قریبی دوست ہیں، سابق آئی سی سی چیف ایک باشعور شخص ہونے کے ناطے ساری صورتحال کو اچھی طرح سمجھتے ہوں گے، وہ اس ذمہ داری کے حوالے سے بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ اگر ٹی وی رائٹس کے حوالے سے فیصلے کیلیے موزوں افراد کا انتخاب نہ کیا گیا تو بورڈ کا ایک بہت بڑا اسکینڈل سامنے آنے کے خدشات رد نہیں کیے جا سکتے۔



انھوں نے کہا کہ پی سی بی سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہے،آئی سی سی کی طرح اس کا نظام بھی ایک کمپنی کے طور پر چلایا جانا چاہیے۔ عارف عباسی نے مزید کہا کہ نجم سیٹھی ایک نان ٹیکنیکل شخص اور کرکٹ کی بنیادی چیزوں سے بھی واقف نہیں، بدقسمتی سے ایسامحسوس ہورہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بھی سابق صدر پرویز مشرف کی طرح دوست نوازی کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر پی سی بی میں نوکریاں تقسیم کر رہے ہیں، کھیل کا مستقبل بہتر بنانے کیلیے اس رجحان کو ختم کرنا ہوگا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نجم سیٹھی کے اختیارات محدود کیے جانے کے بعد پی سی بی کا 1994 کا آئین بحال کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت کے مخلصانہ کردار کی اشد ضرورت ہوگی۔