شوہر پرخاتون جج کا قتل ثابت عمرقید اور 50 ہزارجرمانے کی سزا

شائستہ حامد کو شوہر پولیس اہلکار ساجد خان نے منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کردیا تھا


Staff Reporter July 25, 2013
فاضل عدالت نے مقدمے میں نامزد مقتولہ کے شوہر ساجد خان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ فوٹو: فائل

خاتون جج کے مقدمہ قتل کا فیصلہ بلاآخر 8 برس بعد سنا دیا گیا، مقتولہ کے شوہر پر جرم ثابت ہوگیا، عدالت نے عمر قید و جرمانے کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو ایڈ یشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی ندیم احمد خان نے عدالت میں8 برس سے زیر سماعت خاتون جج شائستہ حامد قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا، فاضل عدالت نے مقدمے میں نامزد مقتولہ کے شوہر ساجد خان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6ماہ جیل میں رہنا ہوگا، مجرم ضمانت پر تھا، فاضل عدالت نے ضمانت منسوخ کر کے اسے جیل بھیج دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق 3ستمبر2005 کو تھانہ نیو ٹائون میں مقتولہ جوڈیشل مجسٹریٹ شا ئستہ حامد کے بھائی حسن نے ایف آئی آر دی کرائی تھی۔



جس میں موقف اختیار کیاگیا تھا کہ اس کا شوہر پولیس اہلکار ساجد خان اس پرشک کرتا تھا اور مارپیٹ کرتااور دھمکیاں دیتا تھا ، وقوعے کے روز اس نے مقتولہ کو اس کے فلیٹ میں سوتے ہوئے تکیے سے منہ بند کرکے سانس روک کرقتل کردیا تھا اور واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کیلیے اس کی لاش پنکھے سے لٹکا دی تھی اور خود تھانہ نیوٹائون میں آیا اور پولیس کو بتایا تھا کہ اس کی اہلیہ نے کمرے کا دروازہ بند کرلیاہے وہ کھول نہیں رہی ۔

تاہم پولیس نے بھی اپنے پیٹی بند بھائی کو بچانے کیلیے مقتولہ کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا، مدعی کی جانب سے مقدمہ درج کرنے اور عدالت کے حکم پر تحقیقات مکمل کرنے پر پولیس نے مقتولہ کے شوہر جو کہ اس کا گن مین بھی تھا کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی، ملزم کے فنگر پرنٹ ، منقولہ کے خطوط جس میں ساجد خاں کی دھمکیوں سے متعلق شواہد موصول ہوئے، مقتولہ نے طلاق کا بھی مطالبہ کیا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ نیو ٹائون میں مقدمہ درج تھا، واضح رہے کہ مقتولہ نے اپنے سابق شوہر ندیم ایڈووکیٹ سے خلع حاصل کرنے کے بعد اپنے گن مین ساجد خان سے 2005میں شادی کی تھی۔