محبت میں ناکامی پرلڑکے اور لڑکی نے کیمیکل پی لیا

ایک سال سے محبت کرنیوالے روحیل اورروزمیری نے عسکری پارک میںآخری ملاقات کی


Staff Reporter August 24, 2012
روز میری دوران علاج دم توڑ گئی، فوٹو : فائل

پرانی سبزی منڈی کے قریب عسکری پارک میںمحبت کرنے والے جوڑے نے بلیچ پی کر خود کشی کی کوشش کی ، لڑکی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی جبکہ لڑکے کی حالت بھی تشویشناک ہے،شادی کے لیے لڑکی کے گھر والے تیار نہیں تھے جس پر لڑکی نے ایک ساتھ مرنے کو ترجیح دی لڑکے نے اسپتال میں پولیس کو اپنے بیان میں بتایا، تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود پرانی سبزی منڈی عسکری پارک میں22 سالہ روحیل مسیح ولد رفیق مسیح اور20 سالہ روز میری دختر مشتاق مسیح نے بلیچ پی لیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں کو تشویشناک حالت میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال پہنچایا جہاں روز میری دوران علاج دم توڑ گئی،پولیس کے مطابق متوفیہ روز میری گلبہار کے علاقے حسن کالونی پنجاب پاڑہ کی رہائشی ،میٹرک کی طالبہ تھی اور بیوٹی پارلر میں بیوٹیشین کا کام کرتی تھی جبکہ روحیل عیسیٰ نگری گلی نمبر ایک کا رہائشی اور ڈیفنس میں واقع ایک اسنیک میں کام کرتا ہے۔

روحیل مسیح نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ گذشتہ ایک سال سے روز میری اور وہ ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اس کے گھر والے شادی کے لیے تیار تھے تاہم روز میری کے گھر والوں نے انکار کر دیا تھا جس کے باعث وہ دلبرداشتہ تھے ، گذشتہ روز روز میری نے روحیل کو فون کر کے عسکری پارک میں بلوایا تھا جہاں دونوں نے کہا سماج کو قصور وار ٹھہرا تے ہوئے ایک ساتھ مرنے کا فیصلہ کیا اور بلیچ پی لیا، پولیس کے مطابق روحیل مسیح کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے روحیل مسیح اور روز میری کے گھر والوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے سے انکار کر دیا ۔