محافظ رہزن بن گئے شہریوں نے پولیس افسر اور اہلکار کو ڈکیتی کے دوران پکڑ لیا

شاہ لطیف ٹائون میں پولیس پارٹی ملزم کی تلاش کیلیے گھر میں داخل ہوئی


Staff Reporter July 27, 2013
پکڑے جانے والے پولیس اہلکاروں کے ساتھی طلائی زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: شاہ لطیف ٹاؤن کے ایک گھر میں لوٹ مار کرنے والے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

پکڑے جانے والے پولیس اہلکاروں کے ساتھی طلائی زیورات لے کر فرار ہو گئے، تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی حدود سیکٹر 16/A مکان نمبر220 میں ملزم کی تلاش میں آنے والے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اے ایس آئی مختار اور ہیڈ کانسٹیبل اقبال کو گھر میں لوٹ مار کرتے ہوئے علاقہ مکینوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد شاہ لطیف پولیس کے حوالے کر دیا،پولیس کے مطابق ایس آئی یو کی پولیس پارٹی زبیر نامی مبینہ ملزم کی تلاش میں مہتاب عالم کے گھر میں داخل ہوئی اور لوٹ مار شروع کر دی۔



شور شرابہ سن کر علاقہ مکین موقع پر پہنچ گئے اور مذکورہ دونوں پولیس اہلکاروں کو پکڑ لیا جبکہ ان کے ساتھی پولیس اہلکار اپنے ساتھیوں کو پٹتا دیکھ کر فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق مکان مالک مہتاب عالم کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے پولیس اہلکار7 تولہ کے طلائی زیورات لے کر فرار ہو گئے، لوٹ مار کے وقت گرفتار ملزم ہیڈ کانسٹیبل اقبال پولیس یونیفارم میں تھا گرفتار ملزمان پولیس اہلکاروں کے خلاف مہتاب عالم کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 321/13 درج کر لی گئی۔