بینظیر یونیورسٹی میں غیر قانونی ایوننگ میڈیکل کلاسز بند کر دی گئیں

کلاسز محکمہ صحت اور پی ایم ڈی سی سے اجازت لیے بغیر شروع کی گئیں


Staff Reporter July 27, 2013
شہید بینظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پی ایم ڈی سی سے اجازت حاصل کیے بغیر ملک میں پہلی بار ایوننگ کلاسز شروع کردی تھیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI: شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں ایم بی بی ایس کی ایوننگ کلاسیں بندکردی گئیں۔

ایوننگ کلاسز ختم کرنے کی اطلاع جمعہ کو یونیورسٹی انتظامیہ نے صوبائی محکمہ صحت کو دی اور اس سلسلے میں محکمہ کو ایک مکتوب بھی لکھا ہے، واضح رہے کہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں ایوننگ کلاسز کے اجرا پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے یونیورسٹی کے وائس چانسلراور رجسٹرارکے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی تھی، جمعہ کوشہید بینظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں ایم بی بی ایس کی ایوننگ کلاسوں کوبند کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انتظامی افسران نے شرکت کی اور فیصلہ کیا کہ شام کے اوقات میں جاری کلاسوں کوفوری بندکیاجارہا ہے، شہید بینظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پی ایم ڈی سی سے اجازت حاصل کیے بغیر ملک میں پہلی بار ایوننگ کلاسز شروع کردی تھیں اورداخلوں سے قبل اخبارات میں اشتہارات بھی جاری کیے تھے۔



کونسل اور محکمہ کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے نہ آنے پر شام کے اوقات میں ایوننگ کلاسیں شروع کی گئیں جس پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی محکمہ صحت کو مجوزہ ایوننگ کلاسوں کو شروع کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی تاہم جمعہ کو یونیورسٹی انتظامیہ نے ایوننگ کلاسوں کو ختم کرنے کا مکتوب صوبائی محکمہ صحت کو بھیج دیا جبکہ مکتوب کی کاپی پی ایم ڈی سی کو بھی بھیجی گئی ہے، ایوننگ کلاسیں16جولائی سے شروع کی گئی تھیں جس پر محکمہ صحت نے 22 جولائی کوشہید بے نظیر بھٹومیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلراور رجسٹرارکوایک مکتوب لکھا جس میں کہا گیا کہ مذکورہ یونیورسٹی میں پی ایم ڈی سی اور محکمہ صحت کی اجازت کے بغیر شام کے اوقات میں شروع کی جانے والی کلاسیں فوری بندکردی جائیں بصورت دیگرکالج انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل لائی جائیگی۔