شاہ رخ خان کی امیتابھ بچن سے بدلہ لینے کی دھمکی

ویب ڈیسک  منگل 12 فروری 2019
امیتابھ بچن فلم’’بدلہ‘‘میں کام کررہے ہیں جسے شاہ رخ خان نے پروڈیوس کیاہے فوٹوفائل

امیتابھ بچن فلم’’بدلہ‘‘میں کام کررہے ہیں جسے شاہ رخ خان نے پروڈیوس کیاہے فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی فلموں کے کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو کی گئی ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں کنگ خان امیتابھ بچن کو کہہ رہے ہیں میں آپ سے بدلہ لینے آرہا ہوں۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے گزشتہ روز ٹوئٹ کی ’’بچن سر میں آپ سے بدلہ لینے آرہا ہوں لہٰذا تیار رہیے گا۔‘‘ شاہ رخ خان کی اس ٹوئٹ پر  صارفین حیران پریشان رہ گئے کہ آخر ایسا کیا ہوگیا کہ کنگ خان امیتابھ سے بدلہ لینا چاہ رہے ہیں، تاہم بگ بی نے شاہ رخ خان کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ’’ارے بھائی شاہ رخ خان بدلہ لینے کا ٹائم تو نکل گیا اب تو سب کو بدلہ دینے کا ٹائم ہے۔‘‘

دراصل کنگ خان اور امیتابھ بچن کے درمیان ٹوئٹر پر جاری یہ دلچسپ لڑائی کسی پرانی جنگ کا حصہ نہیں بلکہ امیتابھ کی آنے والی فلم ’’بدلہ‘‘ کی تشہیری مہم کا حصہ ہے۔ فلم ’’بدلہ‘‘ میں امیتابھ بچن اور تاپسی پنوں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ فلم کو شاہ رخ خان اوران کی بیوی گوری خان پروڈیوس کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں اسٹارز سوشل میڈیا پر فلم کی منفرد انداز میں تشہیر کررہے ہیں۔

فلم ’’بدلہ‘‘ 2016 میں ریلیز ہوئی ہسپانوی تھرل فلم ’’کونٹراٹیمپو‘‘ کا ری میک ہے، فلم خواتین کے عالمی دن کے موقع پر 8 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔