چین میں سست روی سے بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی

خام تیل کے نرخ 4 ڈالر تک گرگئے،سونے، چاندی اور پلاٹینم کی قیمتوں میں اضافہ


AFP July 28, 2013
گزشتہ ہفتے پلاڈیم، تانبے، الومینیم، ٹین، کلئی، جست کے نرخ گھٹ گئے، چینی مہنگی۔ فوٹو: فائل

بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی جس کی بڑی وجہ چینی معاشی سست روی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

آئل مارکیٹ بھی چینی سست روی سے متاثر ہوئی کیونکہ چین تیل کا سب سے بڑا صارف ہے، گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں 4ڈالر فی بیرل تک کمی ہوئی، ایک ہفتے میں لندن انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی ستمبر میں فراہمی کے لیے قیمت 108.93 ڈالر سے کم ہو کر 106.91 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی ستمبر میں ترسیل کے لیے قیمت 108.67 ڈالر سے نیچے آکر 104.36 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، قیمتی دھاتوں کی قدر میں گزشتہ ہفتے اضافہ ہوا۔

لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران 1295.75 ڈالر سے بڑھ کر 1331 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی جبکہ چاندی کے نرخ بھی 19.42 ڈالر سے بڑھ کر 20.02 ڈالر فی اونس ہوگئے، لندن پلاٹینم اور پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1422 ڈالر سے بڑھ کر 1428 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ پلاڈیم کے نرخ 743 سے گھٹ کر 731 ڈالر فی اونس ہوگئے، صنعتی دھاتوں میں سے بیشتر کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی، لندن میٹل ایکسچینج میں ہفتے کے اختتام پر تانبہ کی 3ماہ میں فراہمی کے لیے قیمت 6873 ڈالر فی ٹن ہوگئی جو ہفتے کے آغاز پر 6941 ڈالر فی ٹن تھی۔



الومینیم کی قیمت 1818 ڈالر سے گھٹ کر 1802.50 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت 2047.75 ڈالر سے بڑھ کر2059 ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 19 ہزار 624 ڈالر سے گھٹ کر 19 ہزار 302 ڈالر فی ٹن، کلئی کی قیمت 14 ہزار70 ڈالر سے گھٹ کر 13 ہزار 900 ڈالر اور جست کی 1865 ڈالر سے گھٹ کر 1862 ڈالر فی ٹن ہوگئی، چینی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ ہوا، خام چینی کی قیمت ایک ہفتے میں 16.28 سینٹ سے بڑھ کر 16.42 سینٹ فی پونڈ ہوگئی جبکہ سفید چینی کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 465.30 ڈالر سے بڑھ کر 480.80 ڈالر فی ٹن پر جاپہنچی۔