بالی ووڈ کے امیراداکارجنہیں قرض چکانے کیلئے گھرتک بیچنا پڑا

ویب ڈیسک  جمعـء 15 فروری 2019
بالی ووڈ کے آج کے امیر ترین اداکار ماضی میں شدید مالی مسائل کا شکار رہ چکے ہیں  فوٹوافئل

بالی ووڈ کے آج کے امیر ترین اداکار ماضی میں شدید مالی مسائل کا شکار رہ چکے ہیں فوٹوافئل

ممبئی: اداکارامیتابھ بچن، جیکی شروف، پریتی زنٹا اور گووندا وغیرہ کا شمار بالی ووڈ کے امیرترین اداکاروں میں ہوتا ہے، مہنگے گھروں میں رہنے اور مہنگی گاڑیوں میں سفر کرنے والے اداکاروں کے بارے میں کوئی بھی یقین نہیں کرے گا کہ بالی ووڈ کے آج کے امیر ترین اداکار ماضی میں شدید مالی مسائل کا شکار رہ چکے ہیں اوراپنا قرض چکانے کے لیے انہیں گھرتک بیچنا پڑا تھا۔

 راج کپور

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار راج  کپورکا شمارنا صرف فلم انڈسٹری کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے بلکہ انہوں نے اداکاری سے بڑھ کر فلمی صنعت کے شعبے میں بھی قسمت آزمائی اور راج کپور اسٹوڈیوکی بنیاد رکھی جس کے تحت متعدد کامیاب فلمیں بنائیں۔ تاہم فلم’’میرا نام جوکر‘‘ کی ناکامی نے راج کپور کو دیوالیہ کردیا تھا اور وہ شدید مالی مسائل کا شکار ہوگئے تھے۔

امیتابھ بچن

مہنگے ترین گھرمیں رہنے اور مہنگی گاڑیوں میں سفر کرنے والے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا شمار بھی شوبز کے امیرترین اداکاروں میں ہوتا ہے تاہم سال 2000 میں ان کی کمپنی اے بی سی ایل دیوالیہ ہوگئی تھی جس کے باعث امیتابھ بچن 90 کروڑ کے قرض میں ڈوب گئے تھے جس کے باعث انہوں نے اپنا گھر بھی گروی رکھ دیا تھا۔ اسی دوران انہیں ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ شو کی میزبانی کی پیشکش ہوئی اور اس شو سے ملنے والے معاوضے نے انہیں سہارا دیا۔

پریتی زنٹا

2013 میں اداکارہ پریتی زنٹا فلم’’عشق ان پیرس‘‘ میں نظر آئی تھیں اداکاری کے ساتھ پریتی نے اس فلم کو پروڈیوس بھی کیا تھا تاہم فلم کی ناکامی نے انہیں قرض میں ڈبودیا تھا اور فلم کے ہدایت کار عباس ٹائر والا نے پریتی زنٹا کے خلاف انہیں پیسے ادا نہ کرنے کے لیے مقدمہ دائر کردیا تھا۔ قرض چکانے اور مالی مسائل سے نکلنے کے لیے اداکارہ پریتی زنٹا کو اپنا اپارٹمنٹ کرائے پر دینا پڑا تھا۔

جیکی شروف

اداکار جیکی شروف 2008 میں مالی مسائل کا شکارہوگئے تھے۔ ان کے مالی مسائل اتنے بڑھ گئے تھے کہ انہیں اپنا فلیٹ تک بیچنا پڑگیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے ہدایت کار ساجد ناڈیا والا سے قرض بھی لیا لیکن چکا نا سکے اور ساجد ناڈیا والا نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اداکار سلمان خان اس وقت جیکی شروف کے کام آئے اوران کے قرض چکانے میں ان کی مدد کی۔

گووندا

اداکار گووندا بھی مالی مسائل کا شکار رہ چکے ہیں۔ ان کے حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ وہ سفر کے لیے رکشہ اور ٹیکسی کا استعمال کرنے لگے تھے۔ تاہم بالی ووڈ کے گاڈ فادر کہلائے جانے والے سلمان خان نے گووندا کی مدد کی اور انہیں فلم ’’پارٹنر‘‘ میں کام دلایا جس کے بعد گووندا اپنا قرض ادا کرنے کے قابل ہوئے۔

اے کے ہیگل

بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار اے کے ہیگل نے تقریباً 200 فلموں میں کام کیا ہے۔ تاہم 95 برس کی عمر میں وہ دیوالیہ ہوگئے تھے یہاں تک کہ وہ اسپتال کا بل بھی ادا کرنے کے قابل نہیں تھے۔ اس وقت ان کی مدد کرنے کے لیے اداکار سلمان خان، جیا بچن اور کرن جوہر سامنے آئے اور ان کے علاج کا خرچہ برداشت کیا۔

شوئیتا باسو پرساد

فلم’’مکڑی‘‘ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ شوئیتا باسو پرساد بھی مشکل حالات کا سامنا کرچکی ہیں۔ شدید مالی مسائل کے باعث شوئیتا انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے چنگل میں آگئی تھیں تاہم ٹی وی پر کام ملنے کے بعد وہ اس گروہ سے جان چھڑانے میں کامیاب ہوئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔