واپڈا حب ڈیم سے کراچی کو پانی کا کوٹہ بحال کرے مصباح الدین

کراچی کو فراہم کیے جانے والا پانی کا کوٹہ15 فیصد کم کرنا زیادتی ہے.


Staff Reporter July 29, 2013
کراچی کے منتخب اراکین اسمبلی معاملے پر واپڈا حکام کی توجہ مبذول کرائیں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کراچی واٹراینڈسیوریج کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے واپڈا حکام سے درخواست کی ہے کہ شدید موسم گرما اور خاص طور پر ماہ رمضان المبارک کے دوران حب ڈیم سے کراچی کو فراہم کیے جانے والا پانی کا کوٹہ کم کرنا زیادتی کے مترادف ہے لہٰذا واپڈا فوری طور پر حب ڈیم سے پانی کا منظورشدہ کوٹہ بحال کرے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو 100ملین گیلن پانی روزانہ فراہم کیا جاتاہے،جس سے نارتھ کراچی سمیت دوسری بڑی آبادیوں میں پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن اس وقت کراچی کو 85ملین گیلن پانی روزانہ دیا جارہاہے جو انتہائی غیر مناسب ہے ،خاص طور پر موسم گرما اور ماہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں پانی کے کوٹہ میں کمی کے باعث نارتھ کراچی ، بلدیہ ٹاؤن ،شیر شاہ اور قرب وجوار کے علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ،ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں پانی کی طلب میں مزید اضافہ ہوجاتاہے ،عبادت میں مصروف شہریوں کو مساجد اور گھروں میں بھی وضو کے لیے پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے لیکن موجودہ صورتحال میں پانی کی کمی سے مشکلات کا سامنا ہے۔



ایم ڈی واٹر بورڈ نے کراچی کے منتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حب ڈیم سے کراچی کے کوٹہ میں کمی پر واپڈا حکام کی توجہ مبذول کرائیںتاکہ کراچی کو حب ڈیم سے 100ملین گیلن پانی روزانہ فراہم ہوسکے،انھوں نے کہا کہ واٹر بورڈ نے حب ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی توجہ بار بار اس کمی کی جانب مبذول کرائی ہے لیکن اس کے باوجود ابھی تک حب ڈیم سے پانی کا کوٹہ 100 ایم جی ڈی بحال نہ ہوسکا ،ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ اگر جلد از جلد کوٹہ بحال نہ کیا گیا تو ان علاقوں میںجہاںنارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن سے پانی سپلائی ہوتا ہے ،خطرنا ک حد تک پانی کی شدید قلت پیدا ہوسکتی ہے،موجودہ صورتحال میں شہری پانی کی کمی سے پریشانی اور مشکلات کا شکا رہیں،ایم ڈی واٹر بورڈ نے توقع ظاہر کی ہے کہ واپڈا پانی کی کٹوتی و کمی کو ختم کرتے ہوئے فوری طور پر کوٹہ کے مطابق 100 ایم جی ڈی کردے گا ۔