سحرو افطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

وفاق کی ہدایات نظر انداز کردی گئیں،تراویح کے اوقات میں بھی بجلی غائب رہتی ہے.


Staff Reporter July 29, 2013
کراچی میں جاری بجلی کے مصنوعی بحران کا فوری نوٹس لیا جائے، شہریوں کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے وفاق کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

روزانہ خاص طور پر سحری کے اوقات میں شہر کے متعدد علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم رہتے ہیں، تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی نے وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانیوالی ہدایات کے بعد کراچی میں رمضان کے دوران سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اس اعلان پر مکمل طور پر ایک روز بھی عمل نہیں کیا جاسکا تاہم جوں جوں رمضان اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔



مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق خاص طور پر سحری کے اوقات میں معمول کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ بجلی کی فراہمی بند کردی جاتی ہے اور جب اس سلسلے میں شہری کے ای ایس سی کال سینٹر سے رجوع کرتے ہیں تو انھیں بتایا جاتا ہے کہ ان کے علاقے میں بجلی کی فراہمی نظام میں آنے والی خرابی کی وجہ سے منقطع ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسی کونسی خرابی ہے جو روزانہ سحری کے اوقات میں ہی آتی ہے اور فجر کی نماز کے بعد دور کرلی جاتی ہے، نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے، 11 بی اور 11 سی سمیت دیگر منسلک علاقوں میں روزانہ سحر کے وقت بجلی کی فراہمی معمول بن چکی ہے۔

علاقے کے ایک رہائشی نے بتایا کہ معمول کی لوڈشیڈنگ کا وقت رات11 بجے سے درمیانی شب ایک بجے تک ہے اور اس کے بعد ایک مرتبہ پھر درمیانی شب 3 بجے بجلی منقطع کردی جاتی ہے اور جب اس سلسلے میں کے ای ایس سی کے شکایتی مرکز سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ تسلی بخش جواب دینے سے قاصر ہوتے ہیں، شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں جاری بجلی کی مصنوعی بحران کا فوری نوٹس لیں تاکہ شہری کم از کم رمضان کے بابرکت مہینے میں سکون کا سانس لے سکیں۔