شفاف انتخابات نہ ہوئے تو گولیاں چلنے کا خدشہ ہے چیف الیکشن کمشنر

لوگوں کانام ووٹرلسٹ میں درج کرایاجائے،سندھ ہائیکورٹ کے دورے کے موقع پروکلارہنمائوں سے گفتگو


Staff Reporter August 24, 2012
لوگوں کانام ووٹرلسٹ میں درج کرایاجائے،سندھ ہائیکورٹ کے دورے کے موقع پروکلارہنمائوں سے گفتگو،چیف جسٹس مشیرعالم ودیگرججز سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

LOS ANGELES: چیف الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ یہ آخری موقع ہے عوام ووٹ کا صحیح استعمال کریں اگر ووٹ کاتقدس پامال ہوا توحالات بگڑجائیں گے اورشفاف الیکشن نہ ہوئے تو بیلٹ کی جگہ بلٹس چلنے کاخدشہ ہے،ماضی کی غلطیوں کو ہمیشہ نظراندازکیاجاتا رہا ہے اگر اب بھی ماضی کی غلطیوں پربات نہ ہوئی توحالات ٹھیک نہیں ہوسکتے،چیف الیکشن کمشنرکا عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔وہ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے دورے کے موقع پروکلا رہنمائوں سے گفتگوکررہے تھے۔

اس موقع پرسپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدریاسین آزاد اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر فخروالدین جی ابراہیم نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیرعالم اور دیگر جج صاحبان سے بھی ملاقات کی۔فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات میرا ہدف ہے اور یہ قوم کے پاس آخری موقع ہے۔ ملک کی بہتری اورتعمیر و ترقی کیلیے قوم انتخابات میں بھرپور حصہ لے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ میں طویل عرصے سے قانون کے شعبے سے وابستہ ہوں اور اب قوم کو کچھ دینا چاہتا ہوں۔ میں اپنی ذمے داری وکلا کے تعاون سے پوری کرسکتا ہوں اور وکلاکو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کا نام ووٹر لسٹ میں درج کرائیں،یہ عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے ،کام عمرسے نہیں جذبے سے ہوتا ہے۔ماضی کی غلطیوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے وقت آگیا ہے کہ ماضی کی غلطیوں پر بات کی جائے اور اس سے سبق سیکھا جائے۔