عالمی برادری مصری فوج کو قتل عام سے روکے منور حسن

جمہوری راستوں سے تبدیلی روکی گئی تو امریکا اور اس کے حواریوں کا بہت برا حشر ہوگا


Staff Reporter July 29, 2013
نوازشریف دہشتگردوں کو پناہ دینگے تو پھر کراچی سے ووٹ نہ مانگیں، افطار پارٹی سے خطاب۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ امریکا نواز مصری فوج مصر کے عوام کا علاج گولیوں سے کررہی ہے اور صرف2 دن میں ایک ہزار نہتے مصری شہریوں کو شہید کردیا گیا ہے۔

عالمی برادری خاموشی ترک کرے اورمصری فوج پر دبائو بڑھائے کہ وہ قتل عام روکے۔ جمہوری راستوں سے تبدیلی کا راستہ روکا گیا تو امریکا اور اس کے حواریوں کا حشر پوری دنیا میں وہی ہوگا جو افغانستان میں ہورہا ہے۔ ایم کیوایم اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، وزیراعظم نوازشریف دہشت گردی کے خلاف قومی کانفرنس کی ذمے داریاں بھی اب متحدہ کے حوالے کردیں۔ان خیالات کااظہار انھوںنے اتوار کو جماعت اسلامی غربی کے تحت د فتر ضلع غربی اورنگی ٹائون میں منعقدہ عوامی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار پارٹی سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی اورجماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر اسحق خان نے خطاب کیا۔



اس موقع پر سابق ایم این اے محمدلئیق خان، سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالحمید ایڈووکیٹ ،امین اللہ ودیگر بھی موجود تھے۔سیدمنورحسن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ وزیراعظم میاںنوازشریف اگر دہشت گردوں کو پناہ دیں گے تو پھر وہ آئندہ اہل کراچی سے ووٹ طلب نہ کریں۔انھوں نے کہاکہ رمضان میں پورے معاشرے کا رنگ بدل جاتا ہے اورپورا معاشرہ ایک نیکی کی چادر اوڑھ کر اپنے آپ کو پیش کرتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سود اوردیگر منکرات کے خلاف بھی نفرت کا رویہ رکھیں اورمعاشرے سے منکرات کے خاتمے کی بھرپور کوشش کریں۔ ہمیں اپنے آپ سے یہ بات ضرور پوچھنی چاہیے کہ ہم روز ے کی حالت میں تو اللہ تعالی کی فرمانبرداری کرتے ہیں لیکن اس کے بعد ہماری حالت وہ نہیں رہتی جو رمضان المبارک میں ہوتی ہے۔ اس موقع پر نسیم صدیقی اور اسحٰق خان نے بھی اظہار خیال کیا۔