اربوں روپے مالیت کی 123 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واگزار

اسٹاف رپورٹر  منگل 19 فروری 2019
ٹیم نے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 25-A میںنیلامی کے پلاٹس کاقبضہ بھی چھڑالیا،تعمیرات کومشینری سے منہدم کردیا۔ فوٹو:فائل

ٹیم نے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 25-A میںنیلامی کے پلاٹس کاقبضہ بھی چھڑالیا،تعمیرات کومشینری سے منہدم کردیا۔ فوٹو:فائل

کراچی: تیسر ٹاؤن اور شاہ لطیف ٹاؤن میں لینڈ مافیاکے قبضے سے اربوں روپے مالیت کی123ایکڑقیمتی اراضی واگزارکرالی گئی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایم ڈی اے کی ہدایت پرملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم نے دیہہ ناگن اسکیم45 کے سیکٹر47 میں لینڈ مافیا کی جانب سے قبضہ کی گئی111 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی واگزارکرالی۔

طاقتور لینڈ مافیا نے مذکورہ اراضی پر باؤنڈری وال تعمیر کردی تھی اور پلاٹس فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے،ایم ڈی کی کارروائی کی اطلاع ملتے ہی لینڈ مافیا کے کارندے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ایم ڈی اے کی ٹیم نے بھاری مشینری سے مذکورہ باؤنڈری وال اور بنائے گئے کچے مکانات کو مسمار کردیا ہے، مذکورہ اراضی کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہے۔

ایم ڈی اے محکمہ انسداد تجاوزات کی دوسری ٹیم نے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 25-A میں نیلامی کے پلاٹس پر کیے جانے والے قبضہ بھی واگزار کرالیا ،مذکورہ سیکٹرکی 12ایکٹر قیمتی اراضی پر لینڈ مافیا نے قبضہ شروع کردیاتھا اورتعمیرات کی جاری تھی جسے بھاری مشینری سے مسمار کردیا گیا،آپریشن کے دوران کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موجود تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔