بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ، پائلٹ ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 19 فروری 2019
دونوں طیارے کل ہونے والے انڈیا ایئرو شو کے لیے پریکٹس کررہے تھے۔ فوٹو : فائل

دونوں طیارے کل ہونے والے انڈیا ایئرو شو کے لیے پریکٹس کررہے تھے۔ فوٹو : فائل

بنگلور: بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے  دوران پرواز فضاء میں آپس میں ہی ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو میں 2 ’سوریا کرن ایئرکرافٹ‘ نیتی میناکشی انجینئرنگ کالج کے نزدیک آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے، حادثے میں 3 پائلٹس شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک نے اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں زخمی پائلٹس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، ایک شہری بھی زخمی ہے جسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ طیارے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

IAF 2

وزیر دفاع نرملہ ستھارامن نے طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ وہ افسوسناک واقعے سے آگاہ ہیں تاہم انہوں نے واقعے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

یہ طیارے ’ایئرو انڈیا شو‘ کے دوران پیشہ وارانہ کرتب کا مظاہرہ کرنے کے لیے مشق کررہے تھے، ایئرکرافٹ سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم کا حصہ ہیں جو فضاء میں دم بخود کر دینے والے نظاروں کا مظاہرہ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

حال ہی میں ان سوریا کرن ایئرکرافٹس کو اپ گریڈ کرتے ہوئے Hawks میں تبدیل کردیا گیا تھا اور اس تبدیلی کے بعد ان طیاروں نے گزشتہ روز بھی کامیاب پریکٹس کی تھی تاہم آج حادثے کا شکار ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔