ویسٹ انڈیز کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا بڑا کارنامہ ہے ظہیر عباس

نوجوانوں نے عمدہ کھیل سے انتخاب درست ثابت کیا، مستقبل میں بھی مواقع ملنے چاہئیں، ظہیر عباس


Sports Reporter July 30, 2013
نوجوانوں نے عمدہ کھیل سے انتخاب درست ثابت کیا، مستقبل میں بھی مواقع ملنے چاہئیں، ظہیر عباس فوٹو: فائل

سابق کرکٹ کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

کالی آندھی کو اسی کی سرزمین پر ہرانا گرین شرٹس کا بڑا کارنامہ ہے، ایشین بریڈ مین کے مطابق ذوالفقار بابر نے عمدہ کارکردگی سے انتخاب کو درست ثابت کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں تین وکٹوں کے بعد آخری لمحات میں چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانا ذوالفقار کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،انھوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں شاہد آفریدی اور عمر امین نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ظہیر عباس نے کہاکہ پی سی بی پلان کے مطابق باصلاحیت جونیئر کرکٹرز کی قومی ٹیم میں نمائندگی کو یقینی بنائے تاکہ انھیں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ حاصل ہوسکے۔



ذوالفقار بابر کی طرح مزید کئی کرکٹرز ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیزمختصر طرز کی خطرناک ٹیم ہے، پاکستان نے اسے اس کی سرزمین پر زیر کرکے بڑا کارنامہ انجام دیا،ذوالفقار بابر، عمر امین اور حارث سہیل اسکواڈ میں اچھا اضافہ ہیں، مجھے امید ہے کہ یہ عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔