وزیراعظم کی ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو بے نقاب کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  منگل 19 فروری 2019
ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں، عمران خان، فوٹو: فائل

ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں، عمران خان، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکس جمع کرنے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ مملکت برائے خزانہ حماد اظہر، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان و دیگر شریک ہوئے۔

چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لئے کیے جانے والے نئے اقدامات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے، وزیراعظم

شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے 6 ہزار سے زائد کیسز زیرِ غور ہیں جن سے کلُ 2ارب سے زائد کی آمدن متوقع ہے، اب تک ان میں 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس چور ملک اور قوم کے دشمن ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی  رعایت نہیں برتی جائے گی جب کہ باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے، ٹیکس چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔