خزانے کی تلاش میں گھر کے اندر 35 فٹ کھدائی، 10 افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 20 فروری 2019
پولیس نے جعلی پیرنی،اس کے شوہر گل میر، ٹھیکے دار اور7 مزدور سمیت 10افرادکو گرفتار کر کے بذریعہ سرکار مقدمہ درج کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پولیس نے جعلی پیرنی،اس کے شوہر گل میر، ٹھیکے دار اور7 مزدور سمیت 10افرادکو گرفتار کر کے بذریعہ سرکار مقدمہ درج کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی: ڈالمیا بلوچ پاڑہ میں گھر کے مالک نے خزانے کی تلاش میں 35 فٹ تک کھدائی کرا دی جب کہ پولیس نے مشکوک کھدائی کی اطلاع پر چھاپہ مار کر 10 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس کے مطابق کراچی میں ڈالمیا کے علاقے بلوچ پاڑہ میں ایک گھر کے اندر مشکوک کھدائی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا تو مذکورہ مکان کے صحن میں تقریباً 35 فٹ تک کھدائی کی جا چکی تھی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او عزیز بھٹی عدیل افضال نے بتایا کہ مذکورہ گھر میں گزشتہ 20 روز سے کھدائی کا سلسلہ جاری تھا جو کہ طارق وسیم کی ملکیت ہے اور وہ قطر میں ملازمت کر کے چند ماہ قبل پاکستان واپس آیا تھا اور پیشے کے لحاظ سے وہ انجینئر بتایا جاتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ طارق وسیم کے برادر نسبتی ضیا کریم نے گھر میں زیر زمین چھپا خزانہ کا خواب دیکھ کر اپنے بہنوئی کو بتایا تھا کہ گھر کے صحن میں خزانہ موجود ہے جس پر طارق وسیم نے بلدیہ ٹاؤن کی رہائشی جعلی پیرنی صفیہ سے رجوع کیا جس نے گھر میں کھدائی کا حکم دیتے ہوئے آدھا خزانہ خود لینے کی شرط عائد کی تھی۔

گھر کے مالک طارق وسیم کا سالا ضیا کریم جو چیک باؤنس کے الزام میں گرفتار ہوا تھا اور جیل میں موجود ہے اس نے جیل جانے سے قبل اپنے بہنوئی کو خزانے والی بات بتائی تھی۔ پولیس نے مشکوک کھدائی پر جعلی پیرنی، اس کے شوہر گل میر، ٹھیکے دار اور 7 مزدور سمیت 10 افراد کو گرفتار کر کے بذریعہ سرکار مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔