ایکسپریس ملتان کے سینئر ریذیڈنٹ ایڈیٹر عاشق فرخ سپرد خاک

نمازجنازہ میں سیاسی، سماجی،صحافتی شخصیات کی کثیر تعداد میں شرکت،سوئم آج ہوگا


Numainda Express July 30, 2013
نمازجنازہ میں سیاسی، سماجی،صحافتی شخصیات کی کثیر تعداد میں شرکت،سوئم آج ہوگا. فوٹو فائل

روزنامہ ایکسپریس ملتان کے سینیئر ریذیڈنٹ ایڈیٹر سید عاشق علی فرخ جو اتوار کو ملتان میں انتقال کرگئے تھے کی نماز جنازہ پیر کی صبح ان کے آبائی علاقے مصطفیٰ آباد للیانی قصور کے گنج شہدا قبرستان میں ادا کی گئی اور وہیں انھیں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں ایکسپریس کے ایڈیٹر ایاز خان، ایڈیٹر (ایڈیٹوریل) لطیف چوہدری، چیف نیوز ایجنٹ عاشق چوہدری کے علاوہ اسٹاف کے دیگر ارکان خالد قیوم، رانا ارشد، غلام مجتبٰی باجوہ، محمد الیاس، رضوان آصف، خالد رشید، ضیا تنولی، بلال غوری، محمد اشرف، فیاض اطہر، محمد شہباز، سکندر بھٹی، احسان بھٹی، شبیر مغل، بشیر احمد، منظور ڈھلوں، ریاض احمد، عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات امیر بہادر ہوتی، سینیئر صحافی اجمل ستار ملک سمیت سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عاشق علی فرخ شوگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مرحوم کے5بیٹوں میں سے3 بیٹے صحافت سے وابستہ ہیں جن میں سید آصف علی روزنامہ ایکسپریس لاہور میں بطور سینیئر نیوز ایڈیٹر کام کررہے ہیں۔ سید شاہد علی فرخ مقامی ٹی وی چینل اور سید راشد علی فرخ قومی روزنامے سے وابستہ ہیں۔



ایک بیٹا سید ساجد علی فرخ ڈاکٹر ہے اور کینیڈا میں مقیم ہے جبکہ زاہد علی فرخ لاہور میں بزنس کرتے ہیں۔ مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلیے دعا اور قل خوانی آج(منگل) نظام بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور گلشن اقبال پارک کے مین گیٹ کے سامنے مسجد الہدیٰ میں سہ پہر3 بجے شروع ہوگی جبکہ دعائے خیر 5بجے کی جائے گی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید عاشق علی فرخ کی صحافتی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے عاشق علی فرخ کے صاحبزادے آصف علی فرخ کو فون کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید عاشق علی فرخ نہ صرف بلند پایہ صحافی تھے بلکہ میرے قریبی دوست بھی تھے، ان کے انتقال سے جہاں صحافت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے وہاں میں ایک اچھے دوست سے بھی محروم ہوگیا ہوں۔ انھوں نے دعائے مغفرت بھی کی۔امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرحمٰن مکی، مولانا امیر حمزہ اور محمد یحییٰ مجاہد نے اپنے تعزیتی بیانات میں عاشق علی فرخ کیلیے مغفرت اور اہلخانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔