ناظم آباد اور لیاقت آباد کے مکینوں کا بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج

مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر جلائے، شارع پاکستان سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہوگیا


Staff Reporter July 31, 2013
بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے ستائے شہریوں نے لیاقت آباد کی سڑک پر سریوں سے لدی گدھا گاڑیاں کھڑی کرکے شاہراہ کو احتجاجاًٹریفک کیلیے بند کردیا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

شہر میں رمضان المبارک کے دوران سحری اورافطاری سمیت پورے دن بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

گزشتہ روز ناظم آباد اور لیاقت آباد کے مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پتھراؤ کر کے ٹریفک معلطل کردیا اور سڑک پر ٹائر جلائے ، ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے باعث شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا، تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کے باوجود کے ای ایس سی کی جانب سے شہر میں سحر اور افطار سمیت پورا دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

منگل کو ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف مکینوں نے ناظم آباد چورنگی سے غریب آباد جانے والے راستے تک پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کر دیا اور سڑک پر سریے سے لدی گدھا گاڑیاں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر دیں جس کے باعث شارع پاکستان سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہو گیا مظاہرین نے سڑک پر ٹائر اور فروٹ کی خالی پیٹیاں جلائیں۔



مظاہرین نے کے ای ایس سی انتظامیہ کو یہودی ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو تنگ کرنا یہودیوں کہ اہم ترین مشغلہ ہے تاہم یہودی خدا کے قہر سے ڈریں اور شہریوں پر اتنا ظلم نہ کریں، احتجاجی مظاہرے کے باعث شاہراہ پاکستان ، ایم اے جناح روڈ ، پٹیل پاڑہ ، ناظم آباد ، گرومندر ، جمشید روڈ ، صدر اور شاہراہ فیصل سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام ہو گیا، ایمبولینسیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں بھی ٹریفک جام میں پھنس گئیں ، ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں نے روزہ افطار بھی سڑک پر کیا، آخری اطلاعات آنے تک بجلی بحال نہیں کی گئی تھی۔