ممنون کے گھر پر خوشی کا سماں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی

کوشش ہوگی کہ والدکے پروٹوکول سے عوام کو تکلیف نہ ہو، بیٹوں کے تاثرات


Staff Reporter July 31, 2013
نو منتخب صدر ممنون حسین کی رہائشگاہ کے سامنے ڈیفنس کے رہائشی تہنیتی بینر اُٹھائے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد صدارتی امیدوار ممنون حسین کی بطورصدر سرکاری کامیابی کی اطلاعات کے بعد میڈیا کے نمائندوں، عام شہریوں اور ان کے عزیز و اقارب ، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں و کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ڈیفنس میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئی ۔

حکومت کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر حفاظتی اقدامات کے تحت پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے ۔ اس موقع پر خوشی کا سماں تھا اور اہل خانہ بھی انتہائی خوش تھے ۔ممنون حسین کے بڑے صاحبزادے سلمان حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں ، ہماری یہ کوشش ہوگی کہ میرے والد کو ملنے والے پروٹوکول سے عام شہریوں کو تکلیف نہ پہنچے ۔ہمارے والد نے ہمیشہ سادگی اور دیانت کا درس دیا ہے۔



ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ 12اکتوبر 1999کے بعد ہمارے والد کو مشرف کے دور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس سے ہمارے کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ سلمان نے کہا کہ ہم 3 بھائی ہیں جن میں سب سے بڑا میں ہوں ، دوسرے نمبر پر عدنان حسین اور سب سے چھوٹا ارسلان حسین ہے ۔ ممنون حسین کے چھوٹے فرزندارسلان حسین نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہمارے والد اس عہدے کی لاج رکھتے ہوئے عہدہ برآ ہوں ۔ اس موقع پر ممنون حسین کے پوتوں نے بھی بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دادا کے گورنر بننے کی باتیں والدین سے سنتے تھے اور آج ہم نے ان کو صدر بنتے خود دیکھا ہے ۔