شہر بھر میں روزہ داروں کو افطار کرانے کا رجحان بڑھنے لگا سڑکوں پر دستر خوان سجنے لگے

شاہراہوں، گزرگاہوں، بس اسٹاپس،چوراہوں اور عوامی مقامات پر فلاحی اور سماجی تنظیمیں اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت بھی۔۔۔


Staff Reporter August 01, 2013
یونیورسٹی روڈ پر مخیر حضرات مسافروں کے لیے افطار کا اہتمام کررہے ہیں۔ فوٹو : محمد نعمان /ایکسپریس

رمضان المبارک میں شہر کے مخیر حضرات کی جانب سے روزہ داروں کو افطار کرانے اور کھانا کھلانے کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس میں فلاحی اداروں کے علاوہ گمنام مخیر حضرات بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہیں، شہر میں روزانہ 10 سے 15 لاکھ افراد روزانہ مختلف شاہراہوں پر افطار کرتے ہیں، شاہراہوں پر فلاحی تنظیموں نے دسترخوان قائم کیے ہیں جہاں رمضان میں غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بلارنگ ونسل وتفریق روزہ افطار کے ساتھ کھانا کھاتے ہیں،شہر میں افطار کا اہتمام مختلف علاقوں میں چھوٹے پیمانے پر کیا جاتا تھا لیکن آج کل افطار کا سلسلہ مخیر حضرات کے دینی، روحانی اور ملی جذبے کی وجہ سے شہر بھر میں پھیل گیا ہے ،شہر کی عام شاہراہوں ، گزر گاہوں، بس اسٹاپس، چوراہوں اور عوامی مقامات پر فلاحی اور سماجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ شہری اپنی مدد آپ کے تحت بھی افطار دستر خوانوں کا اہتمام کرتے ہیں۔

کراچی میں اس خدمت خلق کے جذبے میں ایدھی فاؤنڈیشن، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی، چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ، جعفریہ ڈیزاسٹر سیل اور دیگر فلاحی تنظیمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ان اداروں اور مخیر حضرات کی جانب سے شہر بھر میں 500 سے زائد مقامات پر افطار دستر خوان کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس وسیع وعریض دسترخوانوں پر افطار کے ساتھ کھانے کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔

بعض شاہراہوں پر نوجوان ٹولیوں کی شکل میں افطار سے قبل گاڑیوں میں سوار افراد موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں میں افطار کے بکس ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور جوس کے ڈبے تقسیم کرتے ہیں جبکہ بیشتر مقامات پر مخیر حضرات اپنی مدد آپ کے تحت دسترخوان لگاتے ہیں جہاں افطار کے علاوہ کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے جبکہ افطار کے بعد باجماعت نماز کا اہتمام بھی ہوتا ہے اس حوالے سے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی حاجی حنیف طیب نے بتایا کہ امن وامان کی مخدوش صورت حال اور بھتہ خوری کے باوجود رمضان میں شہریوں کی جانب سے عطیات اور صدقات کرنے کے رجحان میں کمی نہیں آئی بلکہ اس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔



میری اپیل ہے لوگ اس سلسلے کو جاری رکھیں، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے جوائنٹ سیکریٹری شکیل دہلوی نے بتایا کہ افطار کرانا شرعی اور دینی تقاضہ ہے، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت روزانہ 5 ہزار افطار بکس تیار اور تقسیم کیے جاتے ہیں،شہر میں روزانہ 10سے 15لاکھ افراد شاہراہوں اور مقامات پر افطار کرتے ہیں،بیروزگاری کی وجہ سے غربت میں اضافہ ہورہا ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ افطار میں ان دسترخوانوں پر آتے ہیں ،چھیپا فاؤنڈیشن کے سربراہ رمضان چھیپا نے کہا کہ ہم رمضان کے علاوہ بھی عام دنوں میں غریبوں اور مساکین کو کھانا کھلاتے ہیں، انھوں نے کہا کہ غربت اور مہنگائی کی وجہ سے اب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ان دسترخوانوں کا رخ کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چھیپا کے تحت کراچی میں چالیس مقامات پر رمضان افطار دسترخوان کا اہتمام کیا گیا ہے یہاں 30 سے 40 ہزار افراد روزانہ روزہ کھولتے ہیں اور کھانا کھاتے ہیں،ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان انور کاظمی نے ایکسپریس کو بتایا کہ کراچی میں 50 سے زائد مقامات پر ایدھی دسترخوان قائم ہیں اور رمضان المبارک میں ان دسترخوانوں پر افطاری کے ساتھ ساتھ کھانے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے اور 50 ہزار آدمی یہاں روزہ افطار کرتے ہیں،سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ترجمان عامر مدنی نے کہا کہ شہر کے 36 مقامات پر سیلانی دسترخوان کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں عوامی افطاری کے علاوہ 63 ہزار سے زائد افراد کو روزانہ کھانا بھی کھلایا جاتا ہے۔