حضرت علی ؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

اسلام مخالف قوتیں فروعی اختلافات کو ہوا دے کر یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، اسلامی تعلیمات پر عمل مسائل۔۔۔،علما


Staff Reporter August 01, 2013
حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت پر مرکزی جلوس بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں نمائش سے گزر رہا ہے اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ فوٹو : راشد اجمیری / ایکسپریس

حضرت علیؓ کا یوم شہادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

شہر بھر میں مجالس عزا منعقد ہوئیں، مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوئی جس سے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت علیؓ کا دور خلافت اور طرز حکومت کا مطالعہ ہمارے حکمرانوں کی رہنمائی کرسکتا ہے آج ہماری بدقسمتی ہے کہ مسلمانوں نے اسلامی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے پوری اسلامی دنیا مشکلات اور پریشانیوں میں گھری ہوئی ہے ،انھوں نے کہا کہ مسلمان انتشار اور اختلافات کا شکار نہ ہوں کیونکہ اسلام مخالف قوتیں فروعی اختلافات کو ہوا دے کر ہماری یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، مجلس کے اختتام پرنشترپارک سے جلوس علم و تابوت برآمد ہوا جس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس نے کی،مرکزی جلوس کے شرکا نے نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے مولانا حامد حسین مشہدی کی اقتدا میں ادا کی جس کا اہتمام آئی ایس او نے کیا تھا۔

اس موقع پر آئی ایس او کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کے رہنماؤں نے پاکستان، شام، عراق، کشمیر، بحرین اور برما میں جاری مظالم کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں امریکی و اسرائیلی ایجنٹ میں ملوث ہیں، انھوں نے کہا کہ آئی ایس او کے تحت ہر سال کی طرح اس سال بھی جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا جا ئے گا۔



بعدازاں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر،جامع کلاتھ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاؤس اور سٹی کورٹ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا، اس موقع پر نشترپارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف استقبالیہ و طبی کیمپ لگائے گئے تھے،اس موقع پر انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے اور شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف پولیس و رینجرز کی نفری کو تعینات کیا تھا انتظامیہ نے اس موقع پر ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے تھے اورمرکزی جلوس کے راستوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت نہیں تھی۔

دریں اثناء شہر کے مختلف مقامات پر یوم علیؓ کے سلسلے میں مجالس عزا سے علمائے کرام نے خطاب کیا۔ علامہ عباس کمیلی نے محفل شاہ خراساں، مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے حسینی مشن شاہ فیصل کالونی، مولانا حسین مسعودی نے ناظم آباد ، علامہ کامران حیدر عابدی نے انچولی سوسائٹی، علامہ نثار احمد قلندری مسجد حیدری اورنگی ٹاؤن اور علامہ اظہرحسین نقوی نے مرکزی امام بارگاہ لیاقت آباد میں مجالس سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علیؓ کی سیرت و کردار اور ان کے کارناموں پر روشنی ڈالی۔