روبینہ قائم خانی کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی فار ویمن قائم

خواتین کے حقوق اور قوانین کے حوالے سے آگہی پیدا کرنیکی ضرورت ہے،سکندر میندھرو


Staff Reporter August 01, 2013
خواتین کے حقوق اور قوانین کے حوالے سے آگہی پیدا کرنیکی ضرورت ہے،سکندر میندھرو فوٹو فائل

سندھ کے وزیر قانو ن و پارلیمانی امور ڈ اکٹر سکندر میندھرو کی زیر صدا رت خواتین کے حقوق اور قانون سازی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا ۔

اجلاس میں خواتین اراکین سندھ اسمبلی نے شر کت کی ۔ اجلاس میں وزیر برائے ویمن ڈیولپمنٹ روبینہ قائم خانی کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی فار ویمن قائم کردی گئی جبکہ خواتین کے حقوق کے لیے قانون سازی سے پہلے پا ر لیما نی کمیٹی میں غور و غوص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر برا ئے ویمن ڈیولپمنٹ روبینہ قائم خانی کے علاوہ امن فائونڈیشن کی سربراہ امبر زبیری، اراکین سندھ اسمبلی شرمیلا فا رو قی، مہتاب اکبر راشدی، کلثوم چانڈیو، شمیم ممتاز، سنیتہ افضل سید، کوثر پروین، ارم خا لد، ڈاکٹر سیما خیا نی، رانا انصار، سورٹھ تھیبو اور دیگر نے شرکت کی۔ کمیٹی میں 2 خا تون اراکین اسمبلی کو ممبر نامزد کیا گیا ہے۔



اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی سے پہلے کمیٹی ان متعلقہ امور پر تفصیلی غور و غوص کر ے گی اور خوا تین کے حقوق اور مروجہ قانون کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کو شش کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرسکندر میندھرو نے کہا کہ خواتین سماج کا اہم حصہ ہیں۔ ہم پارٹی سے بالا تر ہوکر خوا تین کے حقوق کے لیے قانون سازی کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور اسمبلیوں سے پاس کردہ قانون کے حوالے سے خواتین میں آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔