کوئٹہ میں فائرنگ قبائلی سردار کے پوتے سمیت 3 ہلاک محافظ زخمی

ڈاکٹر کو اغوا کرلیا گیا، مغوی بچہ بازیاب، چمن میں نیٹو کی بکتر بند گاڑی نذرآتش


Numaindgan Express August 01, 2013
ڈاکٹر کو اغوا کرلیا گیا، مغوی بچہ بازیاب، چمن میں نیٹو کی بکتر بند گاڑی نذرآتش فوٹو: فائل

کوئٹہ کے معروف کاروباری علاقے پرنس روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما اور حلقہ پی بی5 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے میر عبدالرئوف کرد، کرد قبائل کے سربراہ سردار دینار خان کرد کے پوتے سردار زادہ امین اﷲ کرد اور ثاقب التماش موقع پر جاں بحق جبکہ 2 محافظ اور 2 راہگیر زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ سے ایک ڈاکٹر اغوا جبکہ ایک مغوی بچہ بازیاب، 2 اغواکار گرفتارکرلیے گئے، مستونگ میں نیٹوکنٹینر جبکہ پرانا چمن کے قریب نامعلوم افراد نے نیٹوکنٹینر پر لدی نیٹو کی بکتربند گاڑی کو نذرآتش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری علاقے جناح روڈ نزد سائنس کالج کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے قبائلی وسیاسی رہنما اور حلقہ پی بی5 سے آزاد امیدوار میر رئوف کرد، سردار زادہ امین اللہ کرد اور ثاقب التماش موقع پر جاں بحق ہوگئے۔



واضح رہے سردار زادہ امین اللہ کرد ممتاز قبائلی رہنما مرحوم میر دینار خان کرد کے پوتے ہیں، فائرنگ سے دو محافط فرید اللہ اور بابل اور دو راہگیر اسداللہ اور عالم شاہ زخمی ہوئے۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے ائر پورٹ روڈ پر کلی شیخ ماندہ میں واقع کلینک کے ڈاکٹر احمد خان کو نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے۔ پولیس نے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 24 جولائی کو اغوا ہونے والے 12 سالہ مختار احمد کو بازیاب کرکے دو ملزمان سفر خان اور نادر کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ چمن سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پرانا چمن کے قریب نیٹو ٹریلر پر سوار 1بکتر بندگاڑی کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔