طویل لوڈشیڈنگ ملتان میں مظاہرین نے احتجاجاً ٹرین روک لی
پیپلز کالونی کے سیکڑوں رہائشیوں کا رات گئے تک دھرنا جاری، بجلی بحالی تک نہ اٹھنے کا فیصلہ
طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، ملتان میں مظاہرین نے ٹریک پر دھرنا دیکر ٹرین کو روک لیا جبکہ حافظ آباد میں بھی شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
ادھر گرمی اور حبس کی وجہ سے خاتون اور بچی سمیت 4افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں پیپلزکالونی کے سیکڑوں رہائشیوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر ساندل ایکسپریس کو روک لیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ انکے علاقے میں 2روز سے ٹرانسفارمر خراب ہونے سے بجلی بند ہے جس سے روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، مظاہرین نے رات گئے تک ٹرین لیجانے کی اجازت نہیں دی، انکا کہنا تھا کہ بجلی بحال ہونے تک وہ ٹریک سے نہیں اٹھیں گے۔

ادھر حافظ آباد کے محلہ قاضی پورہ میں دو روز سے ٹرانسفارمر کی خرابی کیخلاف مظاہرین نے ٹائر جلا کر گوجرانوالہ روڈ بلاک کر دی۔ اے پی پی کے مطابق این ٹی ڈی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بجلی کی طلب و رسد میں فرق 3600 میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثناء رسول نگر میں شدید گرمی اور حبس کے باعث خاتون اور بچی سمیت 4افراد جاں بحق اور درجنوں بیہوش ہو گئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں زبیدہ بی بی، کوثر، ذاکر محمد اور غلام عباس شاہ شامل ہیں۔