سندھ حکومت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ

12 سے زائد سیکریٹریوں کے تبادلوں و تقرریوں کے نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان


Staff Reporter August 01, 2013
12 سے زائد سیکریٹریوں کے تبادلوں و تقرریوں کے نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان

سندھ حکومت میں بڑے پیمانے پر تبادلوں و تقرریوں کا فیصلہ کرلیا گیا اور 12 سے زائد سیکریٹریوں کے تبادلوں و تقرریوں کے نوٹیفکیشن جمعرات (آج) کو جاری ہونے کا امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد وسیم کا تبادلہ کرکے انھیں سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کو آرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی جائے گی جبکہ تقرری کے منتظر سید ممتاز علی شاہ کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ مقرر کیا جائے گا۔ اسپیشل سیکریٹری داخلہ مدثر اقبال کو سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ، تقرری کے منتظر عارف الہٰی کو سیکریٹری کامرس اینڈ انڈسٹریز مقرر کیا جائے گا ۔ سیکریٹری ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن وسیم عرسانی کا تبادلہ کرکے سیکریٹری محنت مقرر کیا جائے گا جبکہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے سیکریٹری کا اضافی چارج بھی وسیم عرسانی کو دیا جائے گا ۔



تقرری کے منتظر اقبال درانی کو سیکریٹری زراعت ، ظفر اقبال کو سیکریٹری لائیواسٹاک اینڈ فشریز تعینات کیا جائے گا ۔ سیکریٹری جنگلات لالا فضل الرحمن کو منیجنگ ڈائریکٹر سیپرا مقرر کیا جائے گا ۔ آفتاب احمد میمن کو سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز مقرر کیا جائے گا ۔ شکیل منگریجو کو سیکریٹری سوشل ویلفیئر جبکہ اسپیشل سیکریٹری خزانہ آغا واصف کو سیکریٹری توانائی ، اسپیشل سیکریٹری صحت طٰحہ فاروقی کو سیکریٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ مقررکیا جائے گاجبکہ ممبر آر ایس اینڈ ای پی شاہد گلزار شیخ کو سیکریٹری ڈزاسٹر منیجمنٹ کا اضافی چارج دیا جائے گا۔