پی ایس ایل 4 ہدف کا تعاقب فتح کی ضمانت بن گیا

21میچزمیں پہلے بیٹنگ کرنے والی صرف4ٹیمیں سرخرو،نوبال اورڈراپ کیچز جاری۔


Sports Reporter March 02, 2019
21میچزمیں پہلے بیٹنگ کرنے والی صرف4ٹیمیں سرخرو،نوبال اورڈراپ کیچز جاری۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل4میں ہدف کا تعاقب کامیابی کی ضمانت بن گیا جب کہ 21 میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے والی صرف 4ٹیمیں سرخرو ہوئیں۔

پی ایس ایل4 کے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے میچز میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا رجحان عام رہا،21 میچز میں سے 20 میں کپتانوں نے حریف ٹیموں کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ایونٹ کے دوسرے روز کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹ سے کامیابی بھی حاصل کی، اس کے سواکسی ٹیم نے بھی پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح نہیں دی، یہ فیصلے اس لیے بھی درست تھے کہ 21 میچز میں 17 ٹیموں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، صرف 4بار حریف ٹارگٹ تک نہیں پہنچ پائے۔

کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف 7رنز، لاہور قلندر نے کراچی کنگز سے میچ میں 22 اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے مقابل 12رنز سے کامیابی حاصل کی، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے زیر کیا۔ ابھی تک ایونٹ کے دوران ہدف کا تعاقب ممکن بنانے میں نو بالز نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، گزشتہ 7میں سے 5 میچز میں بولرز نے آخری لمحات میں اس غلطی کا ارتکاب کرتے ہوئے حریف کو حاوی ہونے کا موقع دیا۔

اس کی تازہ مثال گزشتہ روز فہیم اشرف کی نوبال تھی، کئی میچز میں ڈراپ کیچز نے بھی جیتی بازی ہار میں بدلی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی نے ڈراپ کیچ سے موقع پاکر کراچی کنگز کی درگت بنائی اور فتح چھین لی، ملتان سلطانز نے کیرون پولارڈ کا کیچ ڈراپ کرکے یقینی جیت کو ہار میں بدل لیا، اس سے قبل بھی چند اہم مواقع پر فیلڈرز کی غفلت نتائج پر اثرانداز ہوتی رہی۔