صومالیہ میں ہوٹل پر قابض 3 جنگجو کمانڈو آپریشن میں ہلاک یرغمالی بازیاب

شدت پسند تنظیم الشباب کے جنگجوؤں نے ہوٹل میں دھماکا کرکے 29 افراد کو ہلاک کیا اور ہوٹل پر قابض ہوگئے


ویب ڈیسک March 02, 2019
شدت پسند تنظیم الشباب کے ہوٹل پر بم دھماکے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

صومالیہ میں ایک ہوٹل پر قابض ہوکر متعدد افراد کو یرغمال بنانے والے 3 عسکریت پسند سیکیورٹی فورسز کے کمانڈو آپریشن میں مارے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں مسلح افراد نے ایک ہوٹل میں گھس کر ہوٹل میں مقیم افراد کو یرغمال بنالیا۔ شدت پسندوں نے اپنے مطالبات منظور ہونے تک یرغمالیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

صومالیہ کے سیکیورٹی فورسز نے کمانڈو آپریشن میں 3 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا اور یرغمالیوں کی بحفاظت بازیابی میں کامیاب رہے۔ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کا تعلق شدت پسند تنظیم الشباب سے تھا۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے گزشتہ روز موغادیشو کے ہوٹل مکہ المکرمہ کے باہر بم دھماکا کیا تھا جس میں 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور اسی دوران شدت پسند ہوٹل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سکیورٹی فورسز نے دھماکے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرکے کمانڈو آپریشن کا آغاز کیا، آپریشن میں موجود عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد یہ آپریشن ختم ہو گیا ہے۔

مقبول خبریں