سری نواسن کی اقتدار میں فوری واپسی کا ارمان ادھورا

عدالتی جنگ سے بچنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے میٹنگ ملتوی کردی


Sports Desk August 03, 2013
عدالتی جنگ سے بچنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے میٹنگ ملتوی کردی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سری نواسن کی اقتدار میں فوری واپسی کا ارمان ادھورا رہ گیا،عدالتی معاملات واضح ہونے تک جگموہن ڈالمیا بدستور بھارتی بورڈ کے امور انجام دیتے رہیں گے۔

دوسری جانب 2 رکنی پینل کو غیر آئینی اور غیرقانونی قرار دینے کے فیصلے پر بی سی سی آئی نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی ہائیکورٹ کے فیصلے نے سری نواسن کے دوبارہ بھارتی کرکٹ بورڈ چیف بننے کی راہ میں دیوار کھڑی کردی، عدالتی جنگ سے بچنے کیلیے بی سی سی آئی نے جمعے کو اپنی شیڈول میٹنگ ملتوی کردی، بھارتی بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر رتناکر شیٹھی نے کہا کہ ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے 2 رکنی تحقیقاتی پینل کو غیرآئینی اور قانونی قرار دینے کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے، آئی پی ایل گورننگ کونسل اجلاس کے دوران نائب صدر ارون جیٹلی نے ممبئی ہائیکورٹ کا فیصلہ شرکا کو پڑھ کر سنایا، جس کے بعد سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیاگیا، اسی طرح شیڈول ورکنگ کمیٹی کا اجلاس تکنیکی وجوہات پر معطل کردیاگیا۔



اس بابت بورڈ کے دوسرے نائب صدر چیتراک مترا نے کہا کہ بی سی سی آئی ممبئی ہائیکورٹ کے آرڈر کو چیلنج کرے گا، ورکنگ کمیٹی اجلاس کا پہلے سے کوئی ایجنڈا طے نہیں ہوا تھا۔ دوسری جانب موجودہ صورتحال میں سری نواسن کے لیے دوبارہ بی سی سی آئی کی فوری باگ دوڑ سنبھالنا ممکن نہیں رہا، ٹاپ آفیشلز میں اس حوالے سے منقسم آرا پائی گئیں، کچھ کا خیال تھا کہ سری نواسن کی فوری واپسی عدلیہ سے محاذ آرائی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بی سی سی آئی کے 2رکنی تحقیقاتی پینل نے سری نواسن کے داماد میاپن گروناتھ اور راجستھان رائلز کے شریک مالک راج کندرا کو کلین چٹ دے دی، جمعے کو شیڈول اجلاس میں اس کی حتمی منظوری دی جانی تھی، عجلت میں کیے گئے فیصلے پر بھارت میں بھی کئی حلقوں سے حیرت کا اظہار کیا گیا، اسی دوران اسپاٹ فکسنگ کیس میں پولیس نے بھی اپنی تیار کردہ چارج شیٹ عدالت میں داخل کردی، جس میں تینوں کرکٹرز شری شانتھ، اجیت چنڈیلا اور انکیت چھاون سمیت دیگر افراد کو مورد الزام قرار دیا گیا۔