امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا امکان

امریکا کی طرف سے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔


Editorial March 08, 2019
امریکا کی طرف سے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ فوٹو:فائل

شمالی کوریا نے گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی پہلی سربراہ ملاقات میں میزائل ٹیسٹ کرنے والی سائٹ کو تباہ کر نے کا اعلان کیا تھا لیکن عالمی میڈیا کے مطابق اب اسے ازسرنو دوبارہ تعمیر کر لیا گیا ہے جب کہ امریکا کی طرف سے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے ایٹمی ہتھیار تباہ کرنے والے اپنے پروگرام کو مکمل طور پر ختم نہ کیا تو اس پر پہلے سے بھی زیادہ سخت پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

شمالی کوریا کے سب سے بڑے حریف جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی اور امریکا کے دو تھنک ٹینکس نے خبر دی ہے کہ شمالی کوریا اپنے اس راکٹ لانچنگ سائٹ پر از سر نو تعمیری کام کر رہا ہے جو اس نے امریکا صدر کے ساتھ اپنی پہلی سربراہ ملاقات میں مکمل طو پر ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اس کا کچھ حصہ تباہ بھی کر دیا تھا مگر اب دوبارہ اس کو ازسرنو تعمیر کی جا رہا ہے جب کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی شمالی کورین لیڈر کم جانگ ان کے ساتھ دوسری سربراہ ملاقات بھی کی ہے۔ یہ دوسری سربراہ ملاقات ویتنام کے دارلحکومت ہنوئی میں ہوئی تھی۔

اس ملاقات میں شمالی کوریا کا مطالبہ تھا کہ اگر امریکا اپنے مطالبات منوانا چاہتا ہے تو پھر اسے بھی شمالی کوریا پر عائد کردہ پابندیوں میں قدرے کمی کرنا پڑے گی لیکن امریکا نے شمالی کوریا کے کسی بھی مطالبے کو پذیرائی دینے سے صاف انکار کر دیا جس کے نتیجے میں یہ دوسری سربراہ ملاقات ناکامی کا شکار ہو کر ختم ہو گئی۔

امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا کہ امریکا اب یہ دیکھے گا کہ شمالی کوریا اپنے وعدے پر کس حد تک کار بند رہتا ہے اور اس کے بعد ہی دونوں ملکوں کے نئے تعلقات کا انحصار ہو گا۔ جان بولٹن نے مزید کہا کہ اگر شمالی کوریا سربراہ ملاقات میں کیے گئے وعدوں کے بارے میں پس و پیش کرتا ہے تو اس صورت میں صدر ٹرمپ اپنے ارادے میں پوری طرح واضح ہیں انھیں اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہے وہ راست اقدام اٹھانے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ (سیکریٹری آف اسٹیٹ) مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت کرنا چاہتا ہے مگر جان بولٹن کے اعلان کے بعد اس ضمن میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں کیونکہ شمالی کوریا کی طرف سے راکٹ لانچنگ سائٹ کی تعمیر نو کی اطلاعات بھی ہیں جس سے نئے چیلنج پیدا ہونگے۔

صدر ٹرمپ کے شمالی کورین لیڈر کے ساتھ رابطہ کرنے کے فیصلے کی عالمی سطح پر توصیف کی جا رہی ہے لیکن اب تازہ ڈویلپمنٹ سے امریکا کوریا تعلقات پھر کھٹائی میں پڑتے محسوس ہو رہے ہیں جس سے اولین کامیابی کا سارا تاثر ضایع ہونے کا احتمال ہے لیکن اس سے بچنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

مقبول خبریں