ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِعید کے اجتماعات، دعوتیں اور مبارکباد کے پیغامات


ویب ڈیسک March 21, 2026

ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے شریک ہوکر خصوصی دعائیں کیں۔

نمازعید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ عالمِ اسلام کے لیے بھی امن اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔

عیدالفطر کے موقع پر شہری نئے کپڑے پہن کر اور خوشبو لگا کر سنتِ رسول کی پیروی کرتے ہوئے نماز کے مقامات پر پہنچے، جہاں نماز کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔

دوسری جانب خواتین نے گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے ہیں جب کہ بچے عیدی حاصل کرنے کے لیے بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر عید کی خوشیاں منا سکیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، امریکا، برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں کل عیدالفطر منائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ عیدالفطر رمضان المبارک کے فوراً بعد مسلمانوں کے لیے خوشی اور شکرانے کا دن ہوتا ہے۔

صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کی جانب سے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے جبکہ عید نئی روحانی زندگی کے آغاز کا پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کی تربیت کو عملی زندگی میں برقرار رکھنا کامیابی ہے اور ضرورت مندوں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ صدر مملکت نے قومی یکجہتی، قانون کی پاسداری اور پاکستان کے امن و استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کی خوشیوں کے باوجود ہمارے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے حالات پر غمگین ہیں، یہ صورتحال امت مسلمہ میں مزید اتحاد کی ضرورت کی یاد دہانی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید ہمیں صبر، تقویٰ اور ایثار کا درس دیتی ہے اور ضرورت مندوں کو یاد رکھنے کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم مسلمانوں کیلئے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید اس بار بھی عمران خان کے بغیر گزارنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے تیسرے روز 23 مارچ کو صوبہ بھر میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور شجرکاری مہم کیلئے آن لائن ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر صبر، تقویٰ اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ عید کی خوشیوں میں مستحق افراد کو شامل کیا جائے اور امن و امان کیلئے سیکیورٹی فورسز سے تعاون جاری رکھا جائے۔

گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں نماز عید ادا کی اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید صبر، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے عید سادگی سے منانے، قومی اتحاد کو فروغ دینے اور مستحق افراد کا خیال رکھنے کی اپیل کی۔

افواجِ پاکستان کی جانب سے عیدالفطر پر قوم کو مبارکباد، امن و خوشحالی کی دعا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عیدالفطر اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری جیسی اعلیٰ اقدار کی عکاسی کرتی ہے جبکہ مسلح افواج کے لیے عید کی اصل روح مادرِ وطن کے دفاع اور خدمت میں پوشیدہ ہے جہاں جوان اپنے اہلِ خانہ سے دور رہ کر ملک کے امن و استحکام کو یقینی بناتے ہیں۔

افواج پاکستان کی جانب سے ملک کی حفاظت پر مامور بہادر مرد و خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو بھی سراہا گیا۔

عسکری قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ عید پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کا باعث بنے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عیدالفطر رمضان المبارک کے اختتام کی خوشی کا دن ہے اور خاندانی و سماجی تعلقات مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی مدد اور خوشیاں بانٹنا عید کا اصل پیغام ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید کی نماز اپنے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی میں ادا کی اور کہا کہ عید اتحاد، اخوت اور ضرورت مند طبقات سے ہمدردی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں دیرپا امن و استحکام کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید کا اصل پیغام غریب اور نادار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی غریب بچے یا خاندان کو محروم نہیں رہنا چاہیے اور وسائل سے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔