اسکواش رینکنگ کوئی پاکستانی ٹاپ 50 میں شامل نہیں

ناصر اقبال 51، عامر اطلس67 ویں پوزیشن پر ہیں، مصری رامے عاشور سرفہرست


Sports Desk August 05, 2013
ناصر اقبال 51، عامر اطلس67 ویں پوزیشن پر ہیں، مصری رامے عاشور سرفہرست۔ فوٹو: فائل

پروفیشنل اسکواش رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 50 میں شامل نہیں ہے، پاکستانی ناصر اقبال 51 جبکہ ایشین چیمپئن عامر اطلس خان 67 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری تازہ رینکنگ میں مصر کے رامے عاشور بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ فرانس کے گریگوری دوسری جبکہ انگلینڈ کے جیمز ولسٹروپ تیسری پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہیں۔ ٹاپ ٹین میں مصر کے 5، انگلینڈ کے تین جبکہ فرانس اور اسپین کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔ بھارت کے ابھرتے ہوئے نوجوان پلیئر سوریا گوشل کا 20 واں نمبر ہے۔



پاکستان کے 51 ویں نمبر پر موجود ناصر اقبال کو تازہ رینکنگ میں ایک درجے ترقی ملی ہے اس سے قبل وہ 52 ویں نمبر پر تھے۔ ایشین چیمپئن عامر اطلس خان دودرجے تنزلی کے بعد 67 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ یاسر علی بٹ 4 درجے تنزلی سے 73 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ دانش اطلس خان اور فرحان زمان کو دو، دو درجے ترقی نے بالترتیب80 ویں اور 81ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ ویمنز اسکواش میں پاکستانی کھلاڑی ماریہ طور ایک درجے بہتری کے بعد 54ویں سے 53ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔ ویمنز رینکنگ میں ملائیشین نکول ڈیوڈ سرفہرست ہیں، انگلینڈ کی لاؤرا کا دوسرا اورمصر کی رامین الولیلی کا تیسرا نمبر ہے۔