بین الاقوامی پروازوں کیلیے پاکستانی فضائی حدود کھولنے کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 مارچ 2019
مشرق کی طرف سے فضائی حدود بند، بھارت کی سمت سے کوئی پرواز پاکستان میں داخل نہیں ہوگی۔ فوٹو:فائل

مشرق کی طرف سے فضائی حدود بند، بھارت کی سمت سے کوئی پرواز پاکستان میں داخل نہیں ہوگی۔ فوٹو:فائل

 کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے جنوبی ایشیا کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کردیا۔

سی اے اے نے بین الاقوامی ٹرانزٹ پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے 11 مارچ کی دوپہر 3 بجے تک فضائی حدود بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب جنوبی ایشیا کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کھول دی گئی جس کا نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔

مشرق کی طرف سے پاکستان میں داخل ہونے والی فضائی حدود بند رہے گی اور بھارت کی سمت سے کوئی پرواز پاکستان میں داخل نہیں ہوگی۔

سی اے اے کے مطابق ملک کے فعال ہوائی اڈوں پر 15 مارچ تک جزوی طور پر آپریشن بحال رہے گا جبکہ سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ائیر پورٹ بند رہیں گے۔

غیر فعال ہوائی اڈے پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے 27 فروری سے فضائی آپریشن کے لیے مکمل طور پر بند ہیں۔ فضائی حدود پر پابندی کے باعث بنکاک، سنگاپور، بیجنگ، کوالا لمپور، ٹوکیو سمیت متعدد مقامات پر ہزاروں پاکستانی وطن واپسی میں تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ ویزے کی مدت ختم ہو جانے والے زیادہ پریشان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔