زرعی شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت

پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن یہاں کی زراعت انتہائی پسماندہ ہے اور کسان غربت کا شکار ہیں۔


Editorial March 15, 2019
پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن یہاں کی زراعت انتہائی پسماندہ ہے اور کسان غربت کا شکار ہیں۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

ایک خبر کے مطابق وفاقی حکومت نے زرعی ایمرجنسی کے تحت 200ارب روپے مالیت سے زائدکے 13منصوبوں کوحتمی شکل دے دی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے زرعی ایمرجنسی کے تحت 180 ارب روپے مالیت سے زائد کا واٹر کنز رویشن کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، فصلوں کی پید اوار میں اضافہ ،لائیوسٹاک اور فشریزکے بھی میگاپراجیکٹس بھی شروع کیے جائیں گے۔

یہ حقیقت ہے کہ دنیا میں وہی قومیں اپنی آزادی برقرار رکھ سکتی ہیں جن کی معیشت مضبوط ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ قوموں کی مضبوطی میں اناج خود کفالت کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔

پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن یہاں کی زراعت انتہائی پسماندہ ہے اور کسان غربت کا شکار ہیں۔ اگر وفاقی حکومت نے زرعی معیشت کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا کوئی منصوبہ بنایا ہے تو یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ زراعت ہی وہ بنیاد ہے جسے مضبوط کر کے پاکستان خوشحالی کی منزل تک پہنچ سکتا ہے۔

اس وقت ملک کے کئی حصے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ ہمارے ہاں فی ایکڑ زرعی پیداوار ترقی یافتہ ملکوں کی نسبت بہت کم ہے۔ اس لیے غذائی قلت کے خاتمے اور زرعی ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے منصوبہ سازی وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

پانی بچانے کے لیے بھی جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ہاں زیرزمین پانی کی سطح کم ہو رہی ہے' اس لیے سیلابی اور بارشی پانی کو ذخیرہ کر کے ہم پانی کی کمی پر قابو پا سکتے ہیں خاص طور پر بارانی علاقوں میں اسمال اورمنی ڈیمزکے کمانڈ ایریازمیں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ حکومتیں اگر ایگری صنعت کے فروغ کے لیے کام کریں تو اس سے دیہی علاقوں میں غربت کا خاتمہ ہو سکتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہمارے شہر بھی خوشحال بن سکتے ہیں۔

مقبول خبریں