خدمت خلق فائونڈیشن کا جناح گرائونڈ میں سالانہ امدادی پروگرام

الطاف حسین نے سیاست کوخدمت کا ڈھنگ سکھایا، خالد مقبول صدیقی کا تقریب سے خطاب


Staff Reporter August 08, 2013
کراچی: خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت سالانہ پروگرام میں فاروق ستار خاتون کو وہیل چیئر دے رہے ہیں، اس موقع پر شرمیلا فاروقی اور دیگر موجود ہیں۔ فوٹو: آن لائن

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینراور حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کا فلاحی ادارہ خدمت خلق فائونڈیشن انتہائی غیر سیاسی ادارہ ہے اگر ایم کیوایم ، قائد تحریک الطاف حسین کی فکر کا نتیجہ اور ذہن کی پیداوار ہے تو خدمت خلق فائونڈیشن کا ایم کیوایم سے قبل قیام الطاف حسین کی جانب سے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبہ کا اظہار ہے۔

وہ بدھ کو خدمت خلق فائونڈیشن کے زیراہتمام جناح گرائونڈ عزیز آباد میں بڑے امدادی پروگرام کے شرکا سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر نصرت ، ناصر جمال ، رابطہ کمیٹی کے اراکین ، حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ،علمائے کرام ، صحافی ، شعرا ، ادیب ، سفارتکار ، تاجر ، صنعتکار اور معززین شہر بھی موجود تھے جنھوں نے اپنے ہاتھوں سے مستحقین میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ امدادی پروگرام میں غربا ، مساکین، یتیموں اور مستحقین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی جنھیں فرداً فرداً امدادی اشیا سلائی مشین ، راشن ، سائیکل ، پنکھا ، کمبل، وہیل چیئرز ، ملبوسات ، پھلوں اور سبزیوں سے لدے ٹھیلے اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں۔



ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پنڈال میں جو امدادی سامان موجودہے یہ اس کا5 فیصد بھی نہیںجو ایم کیوایم سال بھر کرتی ہے، ایم کیوایم پروپیگنڈے پر یقین نہیں رکھتی بلکہ اس بات کو پسند کرتی ہے کہ ایک ہاتھ سے دیاجائے تو دوسرے ہاتھ کو نظر نہ آئے ، آج کا یہ امدادی پروگرام صرف یہ بتانے اور اس کااظہار کرنے کی ضرورت کے تحت ہوا ہے کہ سارے سال جو امدادی سرگرمیاں ہوتی ہیں اور اس کیلیے بجا طور پر خدمت خلق فائونڈیشن کے رضاکار مخیر حضرات کے پاس جاتے ہیں اور مخیر حضرات کے پاس جانے کا جواز آج کا یہ سالانہ امدادی پروگرام ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت مندوں اور حاجت مندوں کا الطاف حسین کے ساتھ درد اور دکھ کا رشتہ ہے اور الطاف حسین نے فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے کبھی بھی اپنے سیاسی عزائم کو تقویت نہیں دی جبکہ لوگوں نے ایسا کیا ہے کہ خدمت شروع کی اورسیاست کا آغاز کردیا اور حقیقت یہ ہے کہ الطاف حسین نے صحیح معنوں میں سیاست کو خدمت کا ڈھنگ سکھایا ہے۔

ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وخدمت خلق فائونڈیشن کے چیف ٹرسٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خدمت خلق کا کام ایم کیوایم اور قائد تحریک الطاف حسین کی اولین ترجیح ہے ، ایم کیوایم حکومت میں ہو یا اپوزیشن میںہو دکھی انسانیت کی خدمت کا عمل کٹھن ، مشکل اور نامساعد حالات میں بھی جاری رکھا گیا۔ خدمت خلق فائونڈیشن کے نگراں سابق سینیٹر احمد علی نے کہا کہ خدمت خلق فائونڈیشن کا پودا آج سے 30سال قبل الطاف حسین نے لگایاجوآج تناور درخت بن چکا ہے۔انھوں نے کہاکہ خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت سالانہ امدادی پروگرام ہر سال وسعت اختیار کرتا جارہا ہے ، ہم دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر اگلے سال اس سے بڑا امدادی پروگرام کریں گے اور غربا اور مستحقین کا سہارا بنیں گے۔