50 ٹاپ ٹیکس چوروں کے گرد گھیرا تنگ گرفتاریوں کا فیصلہ

گرفتار افراد کیخلاف پراسیکیوشن، کارروائیوں کی تشہیر کی جائے گی، بااثر ٹیکس چوروں کیخلاف مثال قائم کرنے کی ہدایت


Irshad Ansari March 20, 2019
ٹیکس دہندگان کے کاروباری مراکز پر چھاپے مارنے کی بجائے نان فائلرز ٹیکس چوروں پر چھاپے مارنے کو فوکس کیا جائے گا، ایف بی آر۔ فوٹو:فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ٹیکس چوری میں ملوث ٹاپ کے 50 مشہور لوگوں کی فہرستیں تیار کرنا شروع کردی ہیں جبکہ امیر ترین ٹیکس چوروں کی گرفتاریاں شروع کرکے ان کے خلاف پراسیکیوشن شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو گذشتہ ماہ دی جانے والی پریزنٹشن میں وزیراعظم کی جانب سے ریونیو اقدامات کے حوالے سے آئوٹ آف دی باکس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی اور اس میں کچھ اقدامات بارے ہدایت کی تھی جس پر عملدرآمد شروع کیا جارہا ہے اورکسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔

قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ان اقدامات کا بنیادی مقصد جس کے ذمہ جو ٹیکس بنتا ہے وہ قومی خزانے میں جمع کروانا ہے اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے اضافی ریونیو اکٹھا کرنے کیلیے وزیر اعظم کو دی جانے والی پریزنٹیشن کے دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہیں جن پر اب عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایف بی آر کو ہدیات کی گئی ہے کہ ملک کے ایسے معروف لوگ جن کا معیار زندگی ان کے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے، اس کے علاوہ ٹاپ کے 50 ٹیکس چور مشہور لوگوں کی فہرست تیار کی جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔