وزیراعلیٰ سندھ کا شہید سپاہی فاروق کے نابینا بچوں کے علاج کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مارچ 2019
فاروق کے بچوں کو ہم تعلیم سے آراستہ کریں گے، مراد علی شاہ کی شہید سپاہی کے اہل خانہ سے تعزیت فوٹو:فائل

فاروق کے بچوں کو ہم تعلیم سے آراستہ کریں گے، مراد علی شاہ کی شہید سپاہی کے اہل خانہ سے تعزیت فوٹو:فائل

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں شہید سپاہی کے بچوں کو تعلیم دلوانے اور علاج کرانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کراچی میں شہید سپاہی فاروق کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فاروق کے بچوں سے کہا کہ باپ کا نعم البدل نہیں، لیکن ہم آپ کو والد کی کمی نہیں محسوس ہونے دیں گے۔

مراد علی شاہ نے شہید سپاہی کے والد سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بچوں کو ہم تعلیم سے آراستہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو فاروق کے تین نابینا بچوں کا علاج کروانے کی بھی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مفتی تقی عثمانی کے قافلے پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں ان کا ذاتی محافظ صنوبر خان اور پولیس گارڈ فاروق شہید ہوگئے تھے۔ فاروق کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کے 7 بچے ہیں جن میں سے 3 نابینا ہیں اور فاروق پیٹ پالنے کے لیے ڈیوٹی کے بعد پنکچر کی دکان میں کام کرتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔