چوتھا ٹیسٹ بیل کو قابو کرنے میں آسٹریلوی بولرز فیل

مڈل آرڈر بیٹسمین نے کینگرو اٹیک کا زور توڑتے ہوئے ناقابل شکست سنچری بناکر انگلینڈ کی پوزیشن بہتر بنادی، میزبان ٹیم۔۔۔


Sports Desk August 12, 2013
تیسرے دن کے اختتام پر الیسٹر کک الیون نے دوسری باری میں 5 وکٹ پر 234 رنز جوڑلیے، آسٹریلوی فاسٹ بولر ریان ہیرس کے 3 شکار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلوی بولرزای ین بیل کو قابو کرنے میں فیل ہوگئے، انھوں نے کینگرو اٹیک کا زور توڑتے ہوئے ناقابل شکست سنچری اسکور کرکے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنادیا۔

49 رنز پر تین وکٹیں گنوانے والی میزبان سائیڈ نے تیسرے دن کے اختتام تک 5 وکٹ پر 234 رنز بناڈالے، 202 کی برتری حاصل اور ابھی آدھی ٹیم باقی ہے، ریان ہیرس نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 270 پر آؤٹ ہوئی، کرس روجرز نے 110 اور چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے شین واٹسن نے 68 رنز بنائے، اسٹورٹ براڈ نے 5 جبکہ جیمز اینڈرسن اور گریم سوان نے دو،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کو دوسری اننگز کے آغاز پر ہی ریان ہیرس کی صورت میں نازل ہونے والی تباہی کا سامنا کرنا پڑا جنھوں نے لنچ سے قبل اور بعد میں ٹاپ 3 میزبان بیٹسمینوں کو واپسی کا پروانہ تھما دیا۔

اپنے 15 ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں دوسری مرتبہ مسلسل تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے ہیرس نے لنچ سے قبل اور بعد میں صرف 24 بالز کے دوران 18 رنز دے کر یہ شکار کھیلے، وقفے سے قبل ریان ہیرس کی ایک خوبصورت سیم ڈلیوری نے جوائے روٹ کی بیلز ہی اڑادیں، اس وقت وہ صرف دو رنز ہی بنا پائے تھے، ابر آلود موسم کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیرس نے انگلش کپتان الیسٹر کک کو نشانہ بنایا، لیفٹ ہینڈر کے آف اسٹمپ کی جانب کرائی جانے والی ایک لوز ڈلیوری بیٹ کا کنارہ چھوتی ہوئی سیدھی وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے گلوز میں لینڈ کرگئی، انھوں نے 22 رنز بنائے۔ جوناتھن ٹروٹ کو رنز بنانے سے روکنے کیلیے کپتان کلارک نے ان کے گرد فیلڈرز کا گھیرا قائم کیا، فرسٹریشن میں انھوں نے 23 رنز پر ہیرس کو اپنی وکٹ عطیہ کردی، کیچ اس بار بھی ہیڈن نے تھاما۔ تیسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے پیٹرسن اس بار بھی کافی پراعتماد دکھائی دیے۔



انھوں نے ای ین بیل کے ساتھ مل کر ٹیم کو مشکل سے نکالنا شروع کیا، دونوں اسکور کو 155 تک لے گئے تاہم پیٹرسن اچھے آغاز کو اچھی اننگز میں نہیں بدل پائے، 44 رنز پر انھیں ناتھن لیون نے کرس روجرز کا کیچ بنادیا۔ اب بیل نے ٹونی بیئر اسٹو کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو متحرک کیا اور مجموعے کو 221 تک لے گئے، اس جوڑی کو بھی زیادہ خطرناک ہونے سے قبل ناتھن لیون نے توڑ دیا، بیئراسٹورکو 28 رنز بناکر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے۔ جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو ای ین بیل 105 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود ٹم بریسنن نے 4 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل آسٹریلیا 270 رنز بناکر آؤٹ ہوگیا۔

مہمان سائیڈ نے ہفتے کے اپنے اسکور پانچ وکٹ پر 222 میں 48 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پہلی اننگز میں 32 رنز کی برتری حاصل کی، دن کے آغاز پر ایک اینڈ 35 سالہ اوپنر کرس روجرز نے 101 رنز کے ساتھ سنبھالا، انھوں نے ہفتے کو کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کی تھی۔ صرف 9 رنز مزید اسکور کرنے کے بعد روجرز آف اسپنر گریم سوان کو دفاعی انداز میں کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں کے عقب میں میٹ پرائر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، امپائر ٹونی ہل نے پہلے انھیں ناٹ آؤٹ قرار دیا مگر انگلینڈ نے فیصلے کو چیلنج کرکے اپنے حق میں کروا لیا، روجرز نے 6 گھنٹوں کے قریب بیٹنگ کرتے ہوئے 225 بالز کا سامنا کیا جس میں سے 14 کو باؤنڈری کی سیر کرائی۔ اسٹورٹ براڈ نے 5 جبکہ جیمزاینڈرسن اور سوان نے دو،دو وکٹیں لیں۔