پی آئی اے نے کاشغرکیلئے پروازوں کے انتظامات مکمل کرلیے

ہفتہ وارایک فلائٹ ہربدھ کوجائیگی،پہلی پرواز یوم آزادی پراسلام آباد سے روانہ ہوگی


Staff Reporter August 12, 2013
درمیانی گنجائش والے طیاروں کی بیڑے میں شمولیت کے بعدنئی پروازیں شروع کرینگے،ایم ڈی ۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے نے چین کے شہرکاشغرکے لیے ریان ایئرکے تعاون سے پروازیں چلانے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر پہلی پروازPK1855 اسلام آباد سے روانہ ہو گی، یہ پرواز ہر بدھ کو ایئربس A-310 طیارے کے ذریعے آپریٹ کی جائے گی جس میں 223 مسافروں کے علاوہ 15 ٹن کارگوکی بھی گنجائش ہے، ان پروازوں کاآغاز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے چین کے ساتھ با ہمی اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی ایک کڑی ہے، ان پروازوں کے آغاز سے نہ صرف پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ ہوگابلکہ کاروباری افراد کیلیے پاکستان اورچین میں کاروبار کے مزید مواقع بھی میسر آئیں گے۔



منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے محمد جنید یونس نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے ریونیو میں اضافے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور غیر ضروری اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ درمیانی گنجائش والے طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت کے بعد پی آئی اے نئی پروازیں شروع کرنے کے علاوہ منافع بخش روٹس پر اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ بھی کرے گی۔ پی آئی اے پہلے ہی چین کے شہر بیجنگ کے لیے جمعرات اور اتوار کے دن ہفتہ وار دو پروازیں چلا رہی ہے۔