پریکٹس میچز کی منسوخی بنگلہ دیش نے ملبہ پاکستان پر ڈال دیا

پی ایف ایف نے ہفتے کو ہی ای میل کے ذریعے دورے سے معذرت کرلی تھی (فٹبال فیڈریشن)کوچ اور کھلاڑی مقابلے۔۔۔


Sports Desk August 13, 2013
پی ایف ایف نے ہفتے کو ہی ای میل کے ذریعے دورے سے معذرت کرلی تھی (فٹبال فیڈریشن) کوچ اور کھلاڑی مقابلے نہ ہونے پر مایوس۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش نے پریکٹس میچز کی منسوخی کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا، میزبان فٹبال فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے ہفتے کی شب ہی ای میل کے ذریعے دورے سے معذرت کرلی تھی۔

دوسری جانب کوچ اور کھلاڑیوں نے مقابلے نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا، مینجمنٹ نے متبادل پلان تیار کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ساف فٹبال چیمپئن شپ کی تیاری کیلیے پاکستانی فٹبال ٹیم کا 2 پریکٹس میچز کیلیے دورئہ بنگلہ دیش شیڈول کیا گیا، پہلا مقابلہ 13 اگست کو میزبان فیڈریشن الیون جبکہ دوسرا قومی ٹیم کے ساتھ 16 تاریخ کو ہونا تھا، بنگلہ دیش میں ایک سیاسی جماعت کی جانب سے 13 اور 14 اگست کو ہڑتال کی کال دیے جانے کے بعد پہلے میچ کا انعقاد مشکوک ہوا تو عام خیال تھا کہ موجودہ صورتحال میں کم از کم ایک مقابلہ تو ممکن ہو ہی جائے گا،اتوار کو پی ایف ایف کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ مخدوش سیاسی حالات میں بنگلہ دیش نے پاکستان کی میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔



فیڈریشن حکام کا کہنا تھا کہ 20 اگست کو افغانستان میں شیڈول ایک میچ کے بعد مزید مقابلے کرانے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو 31 اگست سے شروع ہونے والے ایونٹ سے قبل اچھی پریکٹس مل سکے۔ دوسری طرف بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن نے دورے کی منسوخی کا ملبہ پاکستان پر گراتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی شب ہی پی ایف ایف نے ای میل کے ذریعے دورہ کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ بی ایف ایف کے جنرل سیکریٹری ابو نعیم سوہاگ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا آنے سے انکار مایوس کن ہے لیکن موجودہ خراب سیاسی صورتحال میں انھوں نے جو فیصلہ کیا اس کا احترام کرتے ہیں، سوہاگ نے کہا کہ کھلاڑی اسسٹنٹ کوچ کی نگرانی میں معمول کی ٹریننگ کر رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ لودوک ڈی کروؤف کی آمد کے فوری بعد نیشنل ٹیم مینجمنٹ کمیٹی میچ پریکٹس کیلیے متبادل پلان تیار کرے گی۔ 1،2 روز میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شامل غیر ملکی پلیئرز کی ٹیم سے میچز کا اہتمام بھی کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب عید کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ کیمپ کے آغاز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رینی کوسٹر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے سے دھچکا لگا، ہمیں ایونٹ کی تیاری کیلیے قومی ٹیموں کے خلاف پریکٹس میچز کی اشد ضرورت تھی، اب اس نوعیت کے ایک مقابلے کا امکان بھی باقی نہ رہنے پر مینجمنٹ اور کھلاڑی سخت مایوسی کا شکار ہیں۔بی ایف ایف کے ایک اور آفیشل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اچانک دورہ منسوخ کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے وجہ تو نہیں بتائی تاہم موجودہ صورتحال میں فیصلے کی وجہ جاننا مشکل نہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ایف ایف حکام ہڑتالوں اور مظاہروں کے بعد نیا شیڈول طے کرنے کے بھی خواہشمند تھے لیکن ساف چیمپئن شپ سے قبل کے 2 ہفتوں میں انتظامات اور سفر کیلے پروازوں کی دستیابی کے مسائل پیدا ہوجاتے، ہماری درخواست پر اگر ایک میچ کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کردی جاتی تو دونوں ٹیموں کا فائدہ ہوتا۔ یاد رہے کہ نیپال میں 31 اگست سے شیڈول ساف چیمپئن شپ کیلیے پاکستان، بنگلہ دیش، 6 بار ٹائٹل جیتنے والے بھارت اور میزبان ٹیم کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے، افغانستان، مالدیپ، سری لنکا اور بھوٹان کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں۔