مونٹریال ماسٹرز نڈال نے تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

فائنل میں میلوس راؤنک ناکام، سنسناٹی ٹینس کے ابتدائی راؤنڈ میں جولین بینیٹو نے مارکوس بغدیتس کو ہرا دیا


AFP/Sports Desk August 13, 2013
اسپینش ٹینس اسٹار نڈال مونٹریال ماسٹرز کی وننگ ٹرافی تھامے ہوئے، فائنل میں راؤنک ہار گئے۔ فوٹو : اے ایف پی

چوتھے سیڈ اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے میلوس راؤنک کو زیرکر کے تیسری مرتبہ مونٹریال ماسٹرز کا ٹائٹل جیت لیا۔

انھوں نے میزبان حریف کیخلاف محض 68 منٹ تک مقابلے کے بعد 6-2، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق مونٹریال ماسٹرز کے فائنل میں رافیل نڈال کو کینیڈین حریف میلوس راؤنک کو قابو کرنے میں زیادہ دشواری پیش نہیں آئی، انھوں نے محض 68 منٹ کے مقابلے میں 6-2، 6-2 کے اسکور سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی قبضے میں کرلی،اس فتح کے بعد آئندہ ہفتے شروع ہونے والے سیزن کے اختتامی گرینڈ سلم یوایس اوپن کیلیے انھوں نے حریفوں کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، نڈال اپنی جیت کا سلسلہ سنسناٹی ماسٹرز میں بھی جاری رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں، انھوں نے کیریئر کا 25 واں ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیتا، موجودہ سیزن میں آٹھویں ٹرافی سے ان کے مجموعی ٹائٹلز کی تعداد 58 ہوگئی۔

ان کا کہنا ہے کہ ابھی میری توجہ سنسناٹی اوپن میں بھی عمدہ کھیل پیش کرنے پر مرکوز ہے، اس کے بعد 26 اگست سے نیویارک میں سیزن کا اختتامی گرینڈ سلم یوایس اوپن سب کی امیدوں کا محور ہوگا، انھوں نے کہا کہ میں نیویارک جا کر ہی اس ایونٹ کا سوچوں گا، مونٹریال میں کامیابی کے بعد اب میری توجہ سنسناٹی ماسٹرز پر ہے، میں ہمیشہ سے ایک ہی ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز کیے رکھنے کا عادی اور اسی طرح قدم بہ قدم آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہوں، مارچ میں انڈین ویلز ٹائٹل جیتنے والے نڈال رواں سیزن میں ہارڈ کورٹس میں اب تک ناقابل شکست رہے، وہ اس سے قبل کینیڈا میں 2005 اور 2008 میں بھی چیمپئن بن چکے ہیں، اس کامیابی کی بدولت انھوں نے سیزن میں اپنے ریکارڈ کو 48-3 سے بہتر بنا لیا۔



وہ رواں برس اپنے11 میں سے10 ایونٹس کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں،نڈال نے راؤنک کیخلاف میچ میں کوئی کمزوری ظاہر نہیں کی اور ابتدائی سیٹ میں 2 مرتبہ حریف کی سروس بریک کرتے ہوئے فتح پائی، نڈال سیزن میں چوتھا ماسٹرز ٹائٹل ہتھیانے میں کامیاب رہے، وہ اس سے قبل انڈین ویلز ، میڈرڈ اور روم ماسٹرز کی ٹرافیاں بھی اپنے نام کرچکے ہیں، انھوں نے کہا کہ راؤنک کیخلاف فتح شاندار ہے، مجھے اندازہ تھا کہ ان کیخلاف میری سروس اہم کردار ادا کرے گی، میرے ریٹرن شاٹس بھی بھاری پڑے، میں نے سخت حریف کیلیے شاندار کھیل پیش کیا، راؤنک نے عمومی طور سے کچھ زائد غلطیاں کیں جس کا براہ راست فائدہ مجھے پہنچا۔دوسری جانب راؤنک نے فائنل میں محض چار ایسز لگائیں۔

البتہ شکست کے باوجود وہ فائنل تک پہنچنے پر بھی بہت مسرور ہیں، ایونٹ میں عمدہ کارکردگی نے راؤنک کو ٹاپ ٹین پلیئرز میں شامل ہونے والے پہلا کینیڈین کھلاڑی بنا دیا، انھوں نے کہا کہ نڈال سے فائنل میں مقابلہ میرے کیریئر کا اہم ترین لمحہ تھا۔ علاوہ ازیں سنسناٹی ماسٹرز کے ابتدائی راؤنڈ میچز میں فرانس کے جولین بینیٹو نے قبرصی حریف مارکوس بغدیتس کو6-3 اور 6-2 سے ہرا دیا، امریکی کھلاڑی ریان ہیریسن نے یوکرین کے الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو 7-6(7/3) اور 6-4 سے قابو کرلیا۔