بھارت کے اینٹی سیٹلائٹ میزائل تجربہ پر دلچسپ تبصرے

بھارتی وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ مدار میں کس سیٹلائٹ یا کس ملک کے سیٹلائٹ کو نشانہ بنایا گیا۔


Editorial March 29, 2019
بھارتی وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ مدار میں کس سیٹلائٹ یا کس ملک کے سیٹلائٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابات سے قبل اسپیس ٹیکنالوجی میں انقلاب برپا کرنے کا دلچسپ دعویٰ کرتے ہوئے قوم سے خطاب میں کہا کہ بھارت نے ''اینٹی سٹیلائٹ میزائل'' کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جب کہ پاکستان نے بھارت کی اسلحہ کی دوڑ اور میزائل ٹیسٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خلا میں اسلحہ کی دوڑ سے اجتناب کا سخت حامی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی نے قوم سے خطاب کیا جسے براہ راست سرکاری و نجی ٹی ویز، ریڈیو اور سوشل میڈیا پر نشر کیا گیا۔

مودی نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ''مشن شکتی''کامیابی سے مکمل کرلیا گیا جس کے تحت میزائل کے ذریعے خلا میں نچلی سطح پر گردش کرنے والے سٹیلائٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کو 'مشن شکتی' کا نام دیا گیا۔

بھارتی وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ مدار میں کس سیٹلائٹ یا کس ملک کے سیٹلائٹ کو نشانہ بنایا گیا تاہم ا نہوں نے کہا کہ ''شکتی مشن'' کو مکمل کرنے کے لیے بھارت نے عالمی قوانین یا معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں کی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا، روس اور چین کے بعد بھارت چوتھا ملک ہے جس نے میزائل کے ذریعے سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میزائل ٹیسٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلا بنی نوع انسان کی مشترکہ میراث ہے۔ ہر قوم کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو خلا کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرے۔خلا سے متعلق بین الاقوامی قوانین میں سقم دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ مودی نے آسمان کی طرف اشارہ کر کے زمینی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔

ممتا بینرجی نے اسے مودی کی لامحدود ڈرامہ بازی قرار دیا۔ دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی اسے ایک سیاسی اعلان قرار دیا اور اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بتایا۔ اگرچہ مودی کے اس دعوے کی تردید بھارت کے سائنس دانوں اور معتبر سیاسی حلقوں نے اسی روز کردی تھی،ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس اسٹیٹس کا ملک پہلے سے ہے،مودی اسے انتخابی اسٹنٹ نہ بنائیں۔

بدھ کو انڈیا کے معیاری وقت کے مطابق تقریباً گیارہ بجے وزیر اعظم مودی نے جب اپنے ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا کہ وہ پونے بارہ سے بارہ بجے کے درمیان قوم کے نام خطاب میں ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں تو میڈیا اور عوام دونوں میں بہت زیادہ تجسس تھا۔لیکن اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر اس کا یہ کہہ کر مذاق اڑایا جا رہا ہے کہ ''کھودا پہاڑ تو نکلی چوہیا''۔

مقبول خبریں