سپریم کورٹ نے حج کوٹا عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا

درخواستوں پرفیصلے کے بعد دیکھا جائے گاکہ کوٹا بحال رکھا جائے یانہیں، عدالت


Numainda Express August 13, 2013
فریقین سے جواب طلب کر لیا گیا،کیس کی سماعت 19اگست تک ملتوی فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج کوٹا دینے کے معاملے کو عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا۔

سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار ٹوور آپریٹروں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وزارت مذہبی امور پسند ناپسند کی بنیاد پر حج کوٹا تقسیم کر رہی ہے جس کی وجہ سے ایسے آپریٹرز کو بھی کوٹا دیا جا رہا ہے جو 5 لاکھ روپے سے زائد میں حج کرا رہے ہیں جبکہ ڈھائی لاکھ روپے سے کم میں حج کرانے والوں کا نام فہرست سے خارج کردیا گیا جس کی وجہ سے ایک عام آدمی اس اہم مذہبی فریضے کی ادائیگی سے محروم رہ جائے گا۔



عدالت نے حج کوٹا دیے جانے کے عمل کوعدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے قراردیا کہ درخواستوں پرفیصلے کے بعد ہی دیکھا جائے گا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کیے گئے کوٹے کو منسوخ کیا جائے یا بحال رکھا جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 19اگست تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔آئی این پی کے مطابق عدالت نے نئے حج ٹورز آپریٹرز کو کیس میں فریق بننے کی اجازت دیدی ہے۔